میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے کاروباری افراد اور تجارتی برادری ملک کے معاشی مستقبل کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے، دہشت گردی کا ایک واقعہ نہ صرف انسانی جانوں کو متاثر کرتا ہے بلکہ اس کے اثرات پورے کاروباری ماحول، اسٹاک مارکیٹ، صنعتوں اور سرمایہ کاروں کے اعتماد پر بھی پڑتے ہیں۔ ایسے حالات میں صنعتوں اور مختلف کاروباری شعبوں میں سرمایہ لگانا قابلِ قدر اقدام ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورت حال بہتر بنائے بغیر پائیدار معاشی ترقی کا ہدف حاصل کرنا ممکن نہیں۔ سرمایہ کار اسی ماحول میں طویل المدتی منصوبے شروع کرتے ہیں جہاں انہیں جان و مال کے تحفظ اور کاروباری سرگرمیوں کے تسلسل کی ضمانت حاصل ہو، پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے افراد مشکل حالات کے باوجود ملکی معیشت پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں، اس لیے ان کی حوصلہ افزائی اور تحفظ کو یقینی بنانا ضروری ہے۔
ملک احمد خان نے دہشت گردی کے خلاف حکومتی اقدامات اور سکیورٹی اداروں کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت، فیلڈ مارشل اور مسلح افواج دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، جو عناصر ہتھیار اٹھا کر دہشتگردی میں ملوث ہیں، ان کے ساتھ سیاسی مفاہمت یا مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل تلاش نہیں کیا جاسکتا، بلکہ ایسے عناصر کا مقابلہ کرنا اور انہیں قانون کے مطابق ختم کرنا ہوگا۔
انہوں نے ماضی کی قومی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ افغان جہاد، اسٹریٹجک ڈیپتھ کی حکمت عملی اور بڑی تعداد میں افغان مہاجرین کو پاکستان میں آباد کرنے جیسے فیصلوں کے دور رس نتائج سامنے آئے ہیں، ان پالیسیوں کے اثرات صرف ماضی تک محدود نہیں رہے بلکہ پاکستان آج بھی ان کے نتائج بھگت رہا ہے اور اس کی قیمت آنے والی نسلوں کو بھی ادا کرنا پڑ رہی ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی نے پاکستانی معاشرے کو طویل عرصے سے متاثر کر رکھا ہے اور عوام کو خوف اور عدم تحفظ کی فضا میں زندگی گزارنا پڑی ہے۔ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر عزم، مؤثر حکمت عملی اور سکیورٹی اقدامات کا تسلسل برقرار رکھنا ہوگا، کیونکہ امن و استحکام کے بغیر ملک میں ترقی اور خوشحالی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔
گفتگو کے دوران ملک احمد خان نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث پر بھی اظہار خیال کیا، ملک میں انتظامی یونٹس کی تعداد بڑھانے کے ساتھ ان کے قیام اور انتظامی امور چلانے کے لیے اضافی مالی وسائل بھی درکار ہوں گے۔ جتنے زیادہ صوبے یا انتظامی یونٹس قائم کیے جائیں گے، ان کے لیے بجٹ، سرکاری ڈھانچے اور دیگر انتظامی اخراجات میں بھی اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر فیصلہ کرتے وقت صرف انتظامی تقسیم کو نہیں بلکہ مالی گنجائش، وسائل کی دستیابی اور اخراجات کو بھی پیش نظر رکھنا چاہیے۔ اس حوالے سے ایسا قابلِ عمل طریقہ کار اختیار کرنے کی ضرورت ہے جس کے ذریعے انتظامی بہتری کے مقاصد حاصل کیے جاسکیں اور قومی خزانے پر غیر ضروری بوجھ بھی نہ پڑے۔
ملک احمد خان کے مطابق دہشتگردی کے خاتمے، سرمایہ کاری کے فروغ اور انتظامی اصلاحات جیسے معاملات ملک کے مستقبل سے جڑے ہوئے ہیں، اس لیے ان پر فیصلے کرتے وقت زمینی حقائق اور طویل المدتی اثرات کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔







