اپنے بیان میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات چھٹی مرتبہ ملتوی ہونا جمہوریت پر ڈاکہ زنی ہے۔ انتخابات کی مسلسل معطلی سے یہ تاثر مضبوط ہوا ہے کہ الیکشن کمیشن حکومتی اداروں اور انتظامیہ کے دباؤ سے آزاد ہوکر اپنے اختیارات استعمال کرنے کی پوزیشن میں نہیں، انتخابی عمل کو بار بار روکنا جمہوری اداروں پر عوام کے اعتماد کو بھی متاثر کرتا ہے۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ حکمرانوں اور اسٹیبلشمنٹ نے کبھی الیکشن کمیشن کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنانے کی کوشش نہیں کی۔ سیاسی اور ریاستی قوتیں بظاہر جمہوریت کی حمایت کرتی ہیں، لیکن مقامی حکومتوں کے لیے آزادانہ اور بااختیار انتخابات کرانے پر آمادہ دکھائی نہیں دیتیں، بلدیاتی نظام جمہوریت کی بنیادی اکائی ہے اور اس کے بغیر عوام کے مسائل مقامی سطح پر حل کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔
نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسلام آباد کے شہری طویل عرصے سے اپنے منتخب بلدیاتی نمائندوں سے محروم ہیں، جس کے باعث مقامی مسائل کے حل اور شہری سہولتوں کی فراہمی کا عمل متاثر ہوتا ہے، بلدیاتی اداروں کے ذریعے عوام کو اپنے علاقوں کے مسائل کے حل میں براہِ راست کردار ادا کرنے کا موقع ملتا ہے، اس لیے انتخابات میں تاخیر شہریوں کے جمہوری اور انتظامی حقوق کو متاثر کرتی ہے۔
انہوں نے پنجاب میں بھی بلدیاتی انتخابات نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام ایک طویل عرصے سے منتخب مقامی حکومتوں اور اپنے شہری حقوق سے محروم ہیں، بلدیاتی نظام کی عدم موجودگی میں مقامی سطح پر اختیارات اور وسائل عوامی نمائندوں تک منتقل نہیں ہو پاتے، جس سے عام شہریوں کو روزمرہ مسائل کے حل کے لیے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
لیاقت بلوچ نے مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان جماعتوں نے اپنے اپنے ادوارِ اقتدار میں بلدیاتی نظام کے ساتھ کھلواڑ کیا اور مقامی حکومتوں کو مضبوط بنانے کے بجائے انہیں کمزور رکھا، سیاسی جماعتوں کو جمہوریت کے دعووں کے ساتھ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد اور منتخب اداروں کو اختیارات دینے کے معاملے پر بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
نائب امیر جماعت اسلامی نے زور دیا کہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد محض قانونی یا انتظامی تقاضا نہیں بلکہ عوام کو بااختیار بنانے کا بنیادی ذریعہ ہے۔ سیاسی قیادت اور متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ انتخابی عمل میں غیر ضروری رکاوٹیں ختم کریں اور شہریوں کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا موقع فراہم کریں۔







