میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورت حال بہتر بنانا ناگزیر ہے، کیونکہ پُرامن ماحول ہی عوام کی جان و مال کے تحفظ اور صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کی بنیاد فراہم کرتا ہے، حکومت کی اولین ذمہ داری ہے کہ شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے اور انہیں خوف کے بغیر زندگی گزارنے کے مواقع میسر ہوں۔
انہوں نے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث کمپنیوں کے حوالے سے کہا کہ متعلقہ اداروں کو ایسی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے پورے نیٹ ورک کا سراغ لگانا چاہیے۔ صرف مالکان یا سامنے آنے والے افراد کے خلاف اقدامات کافی نہیں، بلکہ ان عناصر کی نشاندہی بھی ضروری ہے جو انہیں مقامی سطح پر سہولت فراہم کرتے ہیں یا مالی معاونت کرتے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی کے مطابق ان کمپنیوں کے اخراجات، انٹرنیٹ اور دیگر سہولتوں کی ادائیگی کرنے والوں کی تفصیلات حاصل کرکے بھی ان کے پس پردہ کردار تک پہنچا جاسکتا ہے، غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ ان سے وابستہ تمام کرداروں کی نشاندہی کی جائے تاکہ ایسے نیٹ ورکس کو مؤثر انداز میں روکا جاسکے۔
گورنر خیبر پختونخوا نے واضح کیا کہ صوبے کے قدرتی وسائل پر کسی کو ناجائز قبضہ کرنے یا عوام کے حقوق پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، معدنیات سمیت دیگر قدرتی ذخائر صوبے کی اہم معاشی دولت ہیں، جن سے حاصل ہونے والے فوائد میں مقامی آبادی کے حقوق کو بنیادی اہمیت دی جانی چاہیے۔ وسائل کے استعمال اور سرمایہ کاری کے عمل میں قانون کی پابندی اور شفافیت کو یقینی بنانا بھی ضروری ہے۔
انہوں نے اسلام آباد میں منعقدہ معدنیات اور کان کنی سے متعلق کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس اہم تقریب میں دنیا کے مختلف ممالک سے بڑی تعداد میں مندوبین نے شرکت کی۔ کانفرنس کے دوران تمام صوبوں نے اپنے قدرتی معدنی ذخائر، سرمایہ کاری کے مواقع اور اس شعبے میں موجود امکانات کو اجاگر کیا، جبکہ خیبر پختونخوا کی جانب سے بھی صوبے کے معدنی وسائل اور سرمایہ کاری کی گنجائش پر روشنی ڈالی گئی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختونخوا معدنی وسائل کے حوالے سے اہم صلاحیت رکھتا ہے اور ان وسائل کو بہتر منصوبہ بندی کے تحت استعمال کرکے صوبے کی معیشت کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔ اس مقصد کے لیے ضروری ہے کہ سرمایہ کاروں کو مناسب مواقع فراہم کیے جائیں، تاہم سرمایہ کاری اور معدنیات کی تلاش کے تمام منصوبے قانونی تقاضوں اور مقامی آبادی کے حقوق کو مدنظر رکھتے ہوئے آگے بڑھائے جائیں۔
گورنر نے کانفرنس کے انعقاد اور تمام صوبوں سمیت عالمی مندوبین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے پر وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور وزارتِ پیٹرولیم کا شکریہ ادا کیا، اس کانفرنس کے ذریعے پاکستان کے معدنی ذخائر اور سرمایہ کاری کے امکانات کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کا موقع ملا، جس سے مستقبل میں معدنی شعبے میں تعاون اور سرمایہ کاری کے نئے راستے کھل سکتے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی کے مطابق خیبر پختونخوا میں امن کا قیام اور قدرتی وسائل کا تحفظ ایک دوسرے سے جڑے ہوئے معاملات ہیں۔ صوبے میں ترقی اور سرمایہ کاری کے لیے ضروری ہے کہ امن و امان کی صورت حال بہتر ہو، غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کی جائے اور مقامی آبادی کو ان کے وسائل سے حاصل ہونے والے فوائد میں مناسب حق دیا جائے۔







