وفاقی حکومت کے مطابق اب تک دارالحکومت کے تقریباً 26 ہزار کاروباری ادارے ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام سے منسلک ہوچکے ہیں، جب کہ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے مطابق 30 نومبر کے بعد سی ڈی اے اور اسلام آباد انتظامیہ کے دفاتر میں نقد ادائیگیاں بھی قبول نہیں کی جائیں گی۔
اس منصوبے کا مقصد نقد رقم کے استعمال میں کمی، لین دین میں شفافیت، ٹیکس وصولی میں بہتری اور مالیاتی نظام کو جدید بنانا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق جنوری سے مارچ 2026 کے دوران ملک بھر میں موبائل بینکنگ، انٹرنیٹ بینکنگ، اے ٹی ایم، کارڈز اور کیو آر کوڈز کے ذریعے 3 ارب 40 کروڑ ٹرانزیکشنز کی گئیں۔ اسی عرصے میں دکانوں پر کارڈز کے ذریعے تقریباً 15 کروڑ جبکہ آن لائن خریداری کے لیے 3 کروڑ 20 لاکھ ٹرانزیکشنز ریکارڈ کی گئیں۔
ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے مالی لین دین کا ریکارڈ محفوظ رکھنے اور کاروباری سرگرمیوں میں شفافیت بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے، جبکہ نقد رقم کے استعمال میں کمی سے مالیاتی نظام کو دستاویزی بنانے کے عمل کو بھی تقویت ملے گی۔
تاہم، دوسری جانب چھوٹے دکانداروں اور ایسے شہریوں کے لیے یہ تبدیلی ایک بڑا چیلنج بن سکتی ہے جن کے پاس اسمارٹ فون، بینک اکاؤنٹ یا ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت موجود نہیں۔
اس کے علاوہ انٹرنیٹ کی بندش، ڈیجیٹل نظام پر انحصار اور آن لائن فراڈ کے خطرات بھی اہم مسائل ہیں، جنہیں نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔
ایسے میں اہم سوال یہ ہے کہ کیا اسلام آباد کے تمام شہری اور کاروباری طبقے اس تبدیلی کے لیے تیار ہیں؟ کیا حکومت ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو عام شہریوں کے لیے قابل رسائی بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں درپیش مشکلات کا حل بھی فراہم کرسکے گی؟
اسلام آباد کو کیش لیس شہر بنانے کا منصوبہ محض ادائیگیوں کے طریقۂ کار میں تبدیلی نہیں بلکہ پاکستان کے مالیاتی نظام کو ڈیجیٹل بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، تاہم اس کی کامیابی کا انحصار شہریوں کی سہولت، ڈیجیٹل رسائی اور نظام پر اعتماد قائم کرنے پر ہوگا۔







