اسلام آباد میں ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ اجلاس میں ہونے والی مشاورت نے رکن ممالک کے درمیان علاقائی معاشی تعاون اور باہمی روابط کے فروغ کے مشترکہ عزم کو مزید تقویت دی ہے۔ انہوں نے اجلاس میں شریک تمام وفود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تجاویز اور تعمیری شرکت سے تنظیم کے مستقبل کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے اسٹریٹجک اہداف 2035 کی منظوری آئندہ دہائی کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے، اسلام آباد اعلامیہ اور 2035 کے اسٹریٹجک اہداف رکن ممالک کو مشترکہ ترجیحات کے حصول، علاقائی تعاون کے فروغ اور معاشی انضمام کے لیے ایک متفقہ لائحہ عمل فراہم کرتے ہیں۔

اسحاق ڈار نے زور دیا کہ اب اصل ضرورت اجلاس میں کیے گئے وعدوں اور طے شدہ اہداف کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کی ہے۔ اس مقصد کے لیے واضح ترجیحات مقرر کرنے، حقیقت پسندانہ وقت کا تعین کرنے اور پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے مؤثر نگرانی کا نظام قائم کرنا ضروری ہے، محض اعلانات کافی نہیں ہوں گے بلکہ رکن ممالک کو باہمی تعاون کے ذریعے ایسے اقدامات کرنا ہوں گے جن کے نتائج خطے کے عوام تک پہنچ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی تعاون پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی جزو ہے اور پاکستان ہمیشہ ایک مضبوط، متحرک اور مؤثر ای سی او کا حامی رہا ہے، تنظیم کے رکن ممالک جغرافیائی قربت، تاریخی تعلقات، قدرتی وسائل اور معاشی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا کر تجارت اور ترقی کے نئے مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔

نائب وزیراعظم نے بحیثیت چیئرمین ای سی او پاکستان کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک تمام رکن ممالک اور تنظیم کے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر علاقائی رابطوں کو بہتر بنانے، باہمی تجارت میں سہولت پیدا کرنے اور مشترکہ مفادات پر مبنی معاشی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے کام کرے گا۔

اسحاق ڈار نے بتایا کہ پاکستان کی ای سی او صدارت کا موضوع ’ایک مستحکم ای سی او کے لیے علاقائیت کا احیاء‘ رکھا گیا ہے۔ اس موضوع کا مقصد خطے میں تعاون کی نئی راہیں کھولنا، رکن ممالک کے درمیان روابط کو وسعت دینا اور مشترکہ خوشحالی کے لیے تنظیم کو مزید فعال بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان 2026 سے 2027 تک ای سی او کی صدارت کے دوران تنظیم کے اہداف پر پیش رفت کے لیے بھرپور کوشش کرے گا۔ پاکستان 2027 میں وزرائے خارجہ کونسل کے 31ویں اجلاس کی میزبانی بھی کرے گا، جس میں موجودہ اجلاس کے دوران طے پانے والے فیصلوں اور اقدامات پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

نائب وزیراعظم نے مزید اعلان کیا کہ پاکستان 2027 میں ای سی او کے 19ویں سربراہی اجلاس کی میزبانی کے لیے بھی تیار ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اہم اجلاس میں تمام رکن ممالک کی اعلیٰ ترین سطح پر شرکت ہوگی اور سربراہی اجلاس علاقائی تعاون کو مزید آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے ایران کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان 3 اور 4 دسمبر 2026 کو 18ویں ای سی او سربراہی اجلاس کی کامیاب میزبانی کے لیے ایران کے ساتھ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تہران میں ہونے والا اجلاس بھی تنظیم کے مشترکہ اہداف کے حصول اور رکن ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

اپنے خطاب کے اختتام پر نائب وزیراعظم نے اجلاس کے انتظامات اور تیاریوں پر ای سی او کے سیکرٹری جنرل، ان کی ٹیم، مستقل مندوبین اور سینئر حکام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ای سی او کے تمام رکن ممالک کی جانب سے پاکستان کی صدارت کی حمایت کو بھی سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کو عملی شکل دے کر خطے کے عوام کے لیے معاشی ترقی، بہتر روابط اور مشترکہ خوشحالی کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔