لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وفاقی وزیر کا جواب ظاہر کرتا ہے کہ ان کے پاس الزامات کا کوئی واضح جواب موجود نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چوہدری سالک حسین نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے پاس ثبوتوں سے بھری الماریاں موجود ہیں، لیکن جواب میں صرف آڈٹ رپورٹ پیش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری سالک حسین کی وزارت سے متعلق بھی کچھ معاملات سامنے آئے ہیں، تاہم وہ اس کی تفصیلات میں نہیں جانا چاہتیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ملک بھر میں کرپشن سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ انہوں نے اپنی بات مکمل طور پر نہیں کی۔ ان کے بقول ملک بھر میں کرپشن ہو رہی ہے، لیکن اس کے خلاف کارروائیاں صرف پنجاب میں کی جاتی ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز خود کرپشن کے خلاف کارروائیوں کی نگرانی کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کسی کے ساتھ لڑائی نہیں چاہتی اور نہ ہی کسی کے خلاف محاذ کھولنے کا ارادہ رکھتی ہے، تاہم پنجاب اور مریم نواز پر بے بنیاد الزامات لگائے جائیں گے تو ان کا جواب دیا جائے گا۔
پنجاب میں خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے تسلیم کیا کہ صوبے میں بھی ایسے واقعات پیش آتے ہیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ان جرائم کی روک تھام اور متاثرین کو فوری انصاف کی فراہمی کے لیے اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ خواتین اور بچوں کے مقدمات کی سماعت کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں گی تاکہ متاثرین کو جلد انصاف مل سکے۔ ان کے مطابق خواتین کی بڑی تعداد ورچوئل پولیس اسٹیشنز سے رجوع کر چکی ہے، جبکہ ان اسٹیشنز کی مدد سے ایک لاکھ گمشدہ بچوں کو تلاش کیا گیا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ اعدادوشمار کے مطابق خواتین اور بچوں کے خلاف ہونے والے 44 فیصد جرائم میں ہمسائے ملوث پائے گئے، جبکہ 55 فیصد واقعات گھروں میں پیش آئے۔ چائلڈ سینٹرز میں ایک لاکھ سے زائد شکایات موصول ہوئیں، جن میں سے 93 فیصد بچوں کی شکایات کا ازالہ کیا جا چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں خواتین اور بچوں کے خلاف تشدد کی روک تھام اور متاثرین کو انصاف کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے ساتھ زیادتی کے ملزمان کو سزا سے بچ نکلنے کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔
پنجاب کے سرکاری جہاز سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ملک کے اثاثے پاک فضائیہ کے پاس ہی ہوتے ہیں اور پنجاب کا جہاز پاک فضائیہ کے حوالے کرنا ایک معمول کا انتظام ہے۔







