اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان علاقائی تعاون کو اپنی خارجہ پالیسی میں خصوصی اہمیت دیتا ہے اور ای سی او کے بنیادی مقاصد اور اصولوں پر عمل درآمد کے لیے پُرعزم ہے، خودمختاری کی برابری، ایک دوسرے کے احترام، داخلی معاملات میں عدم مداخلت اور باہمی مفادات پر مبنی تعاون وہ بنیادی اصول ہیں جنہیں سامنے رکھتے ہوئے رکن ممالک کو آگے بڑھنا چاہیے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ای سی او کا بانی رکن ہونے کی حیثیت سے تنظیم کے وژن اور چارٹر میں طے کیے گئے اہداف کے حصول کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، اقتصادی تعاون تنظیم خطے کے ممالک کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے، جہاں تجارت، سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ، توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون کے ذریعے مشترکہ ترقی کے امکانات پیدا کیے جاسکتے ہیں۔
اسحاق ڈار نے خطے کی جغرافیائی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مغربی ایشیا کے سنگم پر واقع ہونے کے باعث یہ علاقہ عالمی سطح پر منفرد حیثیت رکھتا ہے۔ یہاں اہم تجارتی منڈیاں، قدرتی وسائل اور صدیوں پر محیط تجارتی روابط موجود ہیں، جو رکن ممالک کے لیے معاشی ترقی کے وسیع مواقع فراہم کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جغرافیائی محل وقوع بذاتِ خود ایک بڑی معاشی طاقت ہے، تاہم اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ ممالک اپنے درمیان سڑکوں، ریل، بندرگاہوں اور دیگر ذرائع آمدورفت کے روابط بہتر بنائیں۔ مضبوط تجارتی راستوں اور مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے خطے کو عالمی منڈیوں سے منسلک کیا جاسکتا ہے، جس سے تجارت میں اضافہ اور مشترکہ خوشحالی کی راہیں کھل سکتی ہیں۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان 2026ء اور 2027ء کے لیے اقتصادی تعاون تنظیم کی صدارت سنبھالنے پر فخر محسوس کرتا ہے۔ پاکستان اس ذمہ داری کو بامقصد اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے پُرعزم ہے اور کوشش ہوگی کہ تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دی جائے۔ ان کے مطابق پاکستان اپنی صدارت کے دوران علاقائی ترقی، اقتصادی روابط اور مشترکہ منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گا۔
اسحاق ڈار نے 2025ء کے دوران ای سی او کی صدارت کرنے پر قازقستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قازقستان نے اپنے دورِ صدارت میں علاقائی ٹرانسپورٹ روابط اور پائیدار ترقی کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی۔ ان کی کوششوں سے مختلف اہم شعبوں میں تعاون کا تسلسل برقرار رہا اور تنظیم کے مستقبل کے لیے ایک قابلِ قدر بنیاد فراہم ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ خطے کو معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کرنا ہوں گے۔ کسی ایک ملک کی ترقی اس وقت تک مکمل نہیں ہوسکتی جب تک پورا خطہ معاشی استحکام اور خوشحالی کی جانب پیش رفت نہ کرے۔ اس مقصد کے لیے رکن ممالک کو ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا اور مشترکہ چیلنجز کا مل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ عالمی حالات میں خطے کو غیر یقینی صورتِ حال، معاشی مشکلات اور تیزی سے تبدیل ہوتی ٹیکنالوجی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ ایسے حالات میں علاقائی روابط کو مضبوط بنانا، جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا اور باہمی تعاون کے نئے راستے تلاش کرنا ناگزیر ہے۔
اسحاق ڈار نے زور دیا کہ ای سی او کے رکن ممالک کو اپنے مشترکہ جغرافیائی اور معاشی امکانات کو عملی ترقی میں تبدیل کرنے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا، مضبوط علاقائی شراکت داری، پُرامن تعلقات اور مشترکہ اقتصادی حکمت عملی ہی خطے میں دیرپا استحکام اور خوشحالی کی بنیاد بن سکتی ہے۔







