اسلام آباد میں ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ تنظیم کو محض مشاورت کا فورم بنانے کے بجائے عملی تعاون اور مشترکہ منصوبوں کے لیے مؤثر پلیٹ فارم کے طور پر فعال کرنا ہوگا۔ انہوں نے علاقائی تجارت کے فروغ، ٹرانسپورٹ روابط میں بہتری اور توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان تینوں شعبوں کو ای سی او کی ترجیحات میں مرکزی حیثیت حاصل ہونی چاہیے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے ایران کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے حق میں حمایت اور یکجہتی کا اظہار کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کیا، ایران خطے کے تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ اور تعمیری تعلقات کا خواہاں ہے اور علاقائی سطح پر اقتصادی روابط کو وسعت دینے کے لیے مشترکہ کوششوں کی حمایت کرتا ہے، ایران ای سی او تجارتی معاہدے میں ضروری اصلاحات کے حوالے سے مذاکرات کے لیے بھی تیار ہے تاکہ رکن ممالک کے درمیان تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جا سکیں۔
عباس عراقچی نے اپنے خطاب میں ایران کی خارجہ پالیسی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کی پاسداری کرتا رہا ہے، ایران گزشتہ دو برس سے سفارتی رابطوں، مذاکرات اور تنازعات کے پُرامن حل کے لیے کوششیں کرتا رہا، تاہم امریکا نے اس کے برعکس جارحیت، دھمکیوں اور معاشی دباؤ کا راستہ اختیار کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے امریکا اور اسرائیل کے حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کارروائیوں کے نتیجے میں ایران کے سپریم لیڈر اور متعدد اعلیٰ حکام شہید ہوئے، جبکہ پانچ ہزار سے زائد ایرانی شہری بھی جان سے گئے۔ انہوں نے مناب کے ایک اسکول میں 168 طلبا اور اساتذہ کی ہلاکت کا ذکر کرتے ہوئے اسے بھی اسی جارحیت کا نتیجہ قرار دیا۔
عباس عراقچی نے خلیج فارس اور آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں پیدا ہونے والی کشیدگی امریکی اور اسرائیلی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی ملک کی سرزمین، فضائی حدود یا فوجی و دیگر تنصیبات کو دوسرے ممالک کے خلاف حملوں کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے، ایران کے دفاعی اقدامات کا ہدف صرف جارح قوتوں کے اہداف اور فوجی اڈے ہیں۔
انہوں نے علاقائی سلامتی کے حوالے سے کہا کہ خطے کے ممالک کو ایک دوسرے کے خلاف محاذ آرائی کے بجائے مذاکرات اور تعاون کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق پائیدار امن کے لیے علاقائی سطح پر جامع مذاکرات ضروری ہیں، جبکہ توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایسا مشترکہ اور قابل اعتماد نظام تشکیل دینا ہوگا جس سے تمام رکن ممالک مستفید ہو سکیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران پر عائد پابندیاں ایرانی عوام کے عزم کو کمزور کرنے کے بجائے مزید مضبوط کرنے کا سبب بنی ہیں۔ انہوں نے ای سی او ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو خطے کے استحکام سے جوڑتے ہوئے کہا کہ کسی ایک ملک کی خوشحالی اور سلامتی کو دوسرے ممالک کی صورتحال سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔
عباس عراقچی نے غزہ کی صورت حال پر بھی تفصیلی اظہار خیال کیا اور اسے عالمی برادری کے لیے ایک سنگین انسانی المیہ قرار دیا، غزہ میں گزشتہ تین برس سے بڑے پیمانے پر نسل کشی جاری ہے، جبکہ عالمی برادری کو فلسطینی عوام کو درپیش انسانی بحران پر خاموشی ختم کرنا ہوگی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ غزہ اور مغربی کنارے میں متاثرہ شہریوں تک انسانی امداد کی بلا تعطل رسائی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے اسرائیل سے غزہ میں انسانی امداد کی ناکہ بندی ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بے گھر فلسطینیوں کو خوراک، ادویات اور عارضی رہائش کی فوری ضرورت ہے۔ عباس عراقچی نے مغربی کنارے اور مقبوضہ القدس میں اسرائیلی آبادکاری کے پھیلاؤ اور فلسطینی قیدیوں کے ساتھ مبینہ تشدد اور ناروا سلوک کی اطلاعات پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ ای سی او کے تمام رکن ممالک کا استحکام، ترقی اور خوشحالی ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے، اس لیے تنظیم کو مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے زیادہ فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایران ای سی او کے تحت عملی اور نتیجہ خیز علاقائی تعاون کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
عباس عراقچی نے اعلان کیا کہ اقتصادی تعاون تنظیم کا 18واں سربراہی اجلاس 4 دسمبر کو ایران کے دارالحکومت تہران میں منعقد ہوگا۔







