پاکستان نے انڈین وزیراعظم کے حالیہ بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے غیر ذمے دارانہ، اشتعال انگیز اور خطے میں کشیدگی بڑھانے کی کوشش قرار دیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان کو دہشتگردی سے جوڑنے کی انڈین کوششیں نہ صرف بے بنیاد ہیں بلکہ حقائق کے بھی منافی ہیں۔
🔊PR NO.1️⃣4️⃣8️⃣/2️⃣0️⃣2️⃣5️⃣
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) May 23, 2025
Pakistan Categorically Rejects the Baseless, Provocative, and Irresponsible Allegations made by the Indian Prime Minister. pic.twitter.com/3rR4FUuMx9
ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ میں ایک اہم شراکت دار رہا ہے اور اس کی قربانیوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ انڈیا کے غیر ذمے دارانہ بیانات اور رویے کا نوٹس لے، جو خطے کے امن اور استحکام کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’ایک قومی بحران‘، امریکا کے درآمدی ٹیکس جاپان کی گاڑیوں کی صنعت کے لیے خطرہ بن گئے
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق چاہتا ہے۔ انڈیا کی جانب سے جھوٹے الزامات اور عسکری دعوے اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
ترجمان نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے حالیہ دورہ چین کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پاکستان علاقائی امن کا خواہاں ہے، تاہم ہماری امن کی خواہش کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ذمہ دار ریاست کے طور پر خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، لیکن کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔