مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو چکا ہے، جس کے نتیجے میں 23 مئی کی شام/رات سے 24 مئی تک گرج چمک کے ساتھ بارش اور آندھی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس موسمی نظام سے مختلف علاقوں میں موسم خوشگوار ہونے کی توقع ہے، جب کہ بعض مقامات پر تیز ہوائیں اور ژالہ باری نقصانات کا باعث بن سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق23 مئی کی شام/رات سے 24 مئی کے دوران دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، چترال، پشاور، چارسدہ، مردان، نوشہرہ، کرک، لکی مروت، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال اور اٹک میں آندھی اور گرج کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ جہلم، گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اوکاڑہ، ساہیوال، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، بھکر، لیہ، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر اور ڈی جی خان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
24 مئی کو کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، پشین، چمن، مستونگ، بارکھان، لورالائی اور گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو درج ذیل ممکنہ اثرات سے آگاہ کیا ہے کہ آندھی اور تیز ہواؤں کے باعث کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، ژالہ باری سے گندم اور دیگر فصلوں، باغات اور چھوٹے پیمانے کے زرعی نظام کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: پانی کا مسئلہ حل نہ ہوا تو ہم بھوکے مر سکتے ہیں، سینیٹر سید علی ظفر
اس کے علاوہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور سفر میں دشواری کا امکان موجود ہے،عوام الناس کو محتاط رہنے اور محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایت جاری کی ہے۔