جیو نیوز کے پروگرام "آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ" میں انہوں نے کئی موضوعات پر تفصیل سے بات کی۔ ان میں نئے صوبے، سندھ کی ممکنہ تقسیم، خیبرپختونخوا میں گورنر راج، تحریک انصاف سے مذاکرات اور حالیہ آئینی ترامیم شامل تھیں۔

‘یہ بحث میں نے شروع نہیں کی’

بلاول نے واضح کیا کہ نظام کو ختم کرنے، دوبارہ ترتیب دینے یا نئے صوبوں پر ریفرنڈم کی بحث انہوں نے نہیں چھیڑی۔ مگر ان کا کہنا تھا کہ جب ایسی باتیں ہوں گی تو دوسری سیاسی قوتوں کو بھی بولنے کا حق ہے۔ انہوں نے مثال دی کہ اگر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نظام کی ناکامی پر رائے دے سکتے ہیں تو باقی فریق کیوں نہیں؟

ان کے بقول نظام میں تبدیلی کا مقصد جمہوریت کو مضبوط کرنا ہونا چاہیے، ایسے غیر سیاسی اقدامات کا راستہ کھولنا نہیں جن سے نئے تنازعات جنم لیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اور عوامی مسائل کسی ایک جماعت کے بس کی بات نہیں، اس لیے حکومت، اپوزیشن اور دیگر فریقوں کو مذاکرات کی میز پر بیٹھنا ہو گا۔ انہوں نے افسوس کیا کہ پارلیمان سمیت کہیں بھی معیشت اور عوامی مسائل پر سنجیدہ گفتگو نہیں ہو رہی۔

پی ٹی آئی اور مخصوص نشستیں

بلاول نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ تحریک انصاف سمیت سب جماعتوں کو جمہوری عمل میں مؤثر کردار ملے۔ مخصوص نشستوں کے معاملے کو انہوں نے اعتماد سازی سے جوڑا اور کہا کہ اگر قانونی اور آئینی راستے سے پی ٹی آئی کو اس کی نشستیں واپس دینے پر غور کیا جائے تو یہ مفاہمت کی طرف ایک قدم ہو سکتا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے وضاحت کی کہ موجودہ قانونی صورتحال میں پیپلز پارٹی کے نشستیں چھوڑ دینے سے وہ خودبخود پی ٹی آئی کو نہیں مل جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس موضوع پر ان کی پرانی گفتگو کو سیاق و سباق سے ہٹا کر پیش کیا گیا۔

27ویں ترمیم اور 26ویں ترمیم پر موقف

27ویں ترمیم سے لاتعلقی کے تاثر کو بلاول نے رد کیا اور کہا کہ انہوں نے اس ترمیم کو مسترد نہیں کیا۔ ان کے مطابق 18ویں ترمیم کی اصل طاقت سیاسی اتفاق رائے تھا، اور وہ 26ویں ترمیم بھی اسی طرح وسیع اتفاق رائے سے منظور کرانا چاہتے تھے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ 26ویں ترمیم مولانا فضل الرحمٰن سے مذاکرات اور پی ٹی آئی کی رضامندی کے بعد منظور ہوئی۔ 27ویں ترمیم کے بارے میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنی پارلیمانی اکثریت سے اس کی منظوری میں حصہ لیا، اور آئینی عدالت کا قیام اور صوبوں کی مساوی نمائندگی اس کی اہم کامیابیاں ہیں۔

سندھ کی تقسیم: ’یہ دھمکی نہیں، خدشہ ہے’

سب سے سخت لہجہ بلاول نے سندھ کی ممکنہ تقسیم پر اختیار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبے بنانے کا طریقہ آئین میں موجود ہے، اس سے ہٹ کر کوئی قدم تنازع کھڑا کرے گا۔ سندھ کی تاریخی، لسانی اور سیاسی حساسیت کو نظرانداز کر کے تقسیم کی بات کرنا ان کے نزدیک غیر ذمہ دارانہ ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر سندھ کو زبردستی یا غیر آئینی طریقے سے بانٹنے کی کوشش ہوئی تو امن و امان بری طرح متاثر ہو سکتا ہے۔

انہوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ اسے دھمکی نہ سمجھا جائے، وہ صوبے کی تاریخ اور زمینی حقائق کی بنیاد پر خطرات کی نشاندہی کر رہے ہیں۔ ان کے بقول پیپلز پارٹی جمہوری جماعت ہے اور ہتھیار اٹھانے کی سیاست نہیں کرے گی۔

محسن نقوی اور مصطفیٰ کمال کو انہوں نے کھلا چیلنج دیا کہ اگر وہ ریفرنڈم کے حق میں ہیں تو یہ تجویز ٹنڈوالہ یار، میرپورخاص، سجاول اور بدین جا کر لوگوں کے سامنے رکھیں اور ردعمل دیکھیں۔ انہوں نے پنجاب اسمبلی میں ریفرنڈم کی تجویز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پہلے وہاں ایسی کارروائی کر کے دیکھ لی جائے۔

ریفرنڈم کی ساکھ اور خرچ

بلاول نے سوال اٹھایا کہ جب حکومت اور اپوزیشن کے کئی ارکان خود حالیہ انتخابات، الیکشن کمیشن اور انتخابی عمل کی شفافیت پر سوال اٹھا رہے ہیں تو ایسے ماحول میں ریفرنڈم کی قانونی اور سیاسی حیثیت پر بھی سوال اٹھیں گے۔ انہوں نے اخراجات کا نکتہ بھی اٹھایا کہ وفاق قومی سلامتی سمیت دوسری ضروریات کے لیے صوبوں سے وسائل مانگتا ہے، تو ریفرنڈم کے لیے رقم کہاں سے آئے گی۔

خیبرپختونخوا میں گورنر راج

بلاول کے مطابق انہوں نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج سے بچنے کی پوری کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی پیپلز پارٹی کے لیے ناقابل قبول ہے، مگر وہ مسائل بات چیت اور سیاسی اتفاق رائے سے حل کرنا چاہتے تھے۔ ان کے خیال میں پی ٹی آئی سے مذاکرات وہیں سے دوبارہ شروع ہو سکتے ہیں جہاں گورنر راج سے پہلے رکے تھے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ دونوں جماعتیں معاہدے کے قریب پہنچ چکی تھیں، مگر بعد کے حالات نے صورتحال بدل دی۔

تشدد کی سیاست پر ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی نشانے پر

سندھ کی سیاسی تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے بلاول نے لیاری کی پیپلز امن کمیٹی اور گینگ وار کا ذکر نہیں کیا، البتہ ماضی کی اتحادی ایم کیو ایم اور کراچی میں پیپلز پارٹی کی مخالف جماعت اسلامی پر سخت تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلحہ اٹھانے کی تاریخ ان جماعتوں سے جڑی ہے، جبکہ پیپلز پارٹی کے ماضی، حال یا مستقبل میں تشدد کی سیاست کی کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1980 اور 1990 کی دہائیوں میں سندھ میں شدید بدامنی رہی، لیکن ان کی جماعت نے امن قائم کرنے میں کردار ادا کیا۔

کراچی کے چالان، تعلیم اور وفاق سے شکایتیں

کراچی میں جدید کیمروں اور ٹریفک چالان کا دفاع کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے ٹریفک قوانین پر عمل نہ ہونے اور نگرانی کے ناکافی انتظام پر تنقید ہوتی تھی، اب سیٹ بیلٹ سمیت خلاف ورزیوں پر کارروائی ہو رہی ہے تو اس پر بھی اعتراض ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ کراچی کے معاملات کئی اداروں کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔ سندھ حکومت کی کارکردگی کے بارے میں سوال پر ان کا جواب تھا کہ اس کا حتمی فیصلہ عوام انتخابات میں کریں گے۔

تعلیم کے بارے میں انہوں نے مانا کہ سندھ کو کئی چیلنج درپیش ہیں۔ ان کے مطابق سیلاب سے صوبے کے تقریباً 50 فیصد اسکول متاثر ہوئے اور مسلسل قدرتی آفات نے ڈھانچے کو نقصان پہنچایا، تاہم سندھ حکومت تعمیر نو کر رہی ہے۔ آخر میں انہوں نے وفاق پر الزام لگایا کہ وہ 18ویں ترمیم اور این ایف سی کے مطابق صوبوں کو ان کا حق نہیں دے رہا، اور سندھ کو پیٹرولیم لیوی کی مد میں 1.7 کھرب روپے نہیں ملے، جو تعلیم، سیف سٹی منصوبوں اور دیگر سہولتوں پر خرچ ہو سکتے تھے۔

بلاول کا اختتامی پیغام یہی تھا کہ ملک کو سیاسی ٹکراؤ اور غیر آئینی تجربات کے بجائے جمہوری مذاکرات، آئینی راستے اور عوامی مسائل کے حل کی طرف جانا ہو گا۔