شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید کی جانب سے مشترکہ خط وکیل رانا مدثر عمر کے توسط سے بھجوایا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ سیاسی رہنماؤں کو ٹھوس شواہد کے بغیر مقدمات اور سزاؤں کا سامنا ہے۔ قید رہنماؤں نے واضح کیا کہ وہ کسی سیاسی رعایت یا خصوصی سلوک کے خواہاں نہیں بلکہ آئین کی بالادستی اور بنیادی حقوق کا تحفظ چاہتے ہیں۔
خط کے متن کے مطابق اگر عدالتیں فوری انصاف فراہم نہیں کر سکتیں تو کم از کم اپنے احکامات پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جسمانی اور ذہنی صحت سے متعلق سنگین تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے 18 اگست 2026 کو عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔
خط میں بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کے طبی معائنے کے لیے ماہر امراض قلب اور آنکھوں کے ڈاکٹر پر مشتمل میڈیکل بورڈ بنانے کی ہدایت بھی کی تھی، تاہم واضح عدالتی حکم کے باوجود انہیں اسپتال منتقل نہیں کیا گیا۔
قید رہنماؤں نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو فوری طبی سہولیات، ڈاکٹروں تک رسائی اور مناسب علاج فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دونوں کے طبی معائنے اور فالو اَپ علاج میں مزید تاخیر نہ کی جائے۔
خط میں چیف جسٹس پاکستان کی جانب سے ملک میں جیل اصلاحات کے لیے قومی سطح پر کیے جانے والے اقدامات کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ جیل اصلاحات کا مقصد قیدیوں کے حقوق، انسانی وقار، بحالی اور احتساب کو یقینی بنانا ہے، لیکن سابق وزیراعظم کے آئینی حقوق اور سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد نہ ہونا ان اصلاحات کے دعووں پر سوالیہ نشان ہے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ جیل کی دیواروں کے پیچھے بھی شہریوں کے آئینی حقوق ختم نہیں ہوتے۔
خط میں عمران خان کی اہلخانہ، وکلا اور بیٹوں سے ملاقاتوں کے عدالتی احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔
قید رہنماؤں نے سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کے زیر التوا مقدمات اور اپیلوں پر غیرجانبدارانہ اور فوری فیصلے کرنے، عدالتی کارروائی کو سیاسی و انتظامی مداخلت سے پاک رکھنے اور عدالتی احکامات کی دانستہ خلاف ورزی کرنے والوں کا احتساب کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
خط کے اختتام پر عدلیہ کی آزادی، وقار اور آئینی اختیار کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر انصاف میں تاخیر ہو رہی ہے تو کم از کم عدلیہ اپنے احکامات پر عمل درآمد تو یقینی بنائے۔







