اسلام آباد میں آسیان کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر کاؤ کم ہورن کے ہمراہ خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان آسیان اور اس کے تمام رکن ممالک کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آسیان کے ساتھ کاروباری روابط، جامعات اور تحقیقی اداروں کے درمیان تعاون اور عوامی سطح پر تبادلوں کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

نائب وزیراعظم کے مطابق آسیان کے سیکریٹری جنرل کا دورہ پاکستان اور تنظیم کے درمیان شراکت داری کو آگے بڑھانے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔ یہ دورہ باہمی سمجھ بوجھ اور تعاون کو نئی تقویت دے گا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور آسیان کے درمیان تعاون کو مزید گہرا کرنے اور نئے شعبوں میں روابط بڑھانے کی ضرورت ہے، جبکہ اس سلسلے میں دونوں فریقوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات اہمیت رکھتے ہیں۔

آسیان کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر کاؤ کم ہورن نے کہا کہ پاکستان اور آسیان کے درمیان سیکٹرل ڈائیلاگ شراکت داری 1993 میں قائم ہوئی تھی اور تنظیم پاکستان کے ساتھ اپنی دیرینہ شراکت داری کو اہمیت دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تجارت، سرمایہ کاری، معاشی ترقی، عوامی روابط، ثقافتی تبادلوں اور نجی شعبے کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

ڈاکٹر کاؤ کم ہورن کے مطابق آسیان سائنس، ٹیکنالوجی، جدت، توانائی، غذائی تحفظ اور بحری سلامتی کے شعبوں میں بھی پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ اس کے علاوہ سائبر سیکیورٹی، سیاحت، انسانی ترقی، اسمارٹ سٹیز، پائیدار ترقی اور ڈیجیٹل تبدیلی کے شعبوں میں بھی شراکت داری کے امکانات موجود ہیں۔

آسیان سیکریٹری جنرل نے بتایا کہ پاکستان کی تنظیم کا ڈائیلاگ پارٹنر بننے کی درخواست زیر غور ہے۔ انہوں نے پاکستان کی آسیان کے ساتھ روابط مزید گہرے کرنے کی خواہش کو سراہتے ہوئے کہا کہ 2028 میں دونوں کے درمیان ڈائیلاگ شراکت داری کے 35 سال مکمل ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آسیان عالمی سطح پر امن، استحکام اور بین الاقوامی قوانین کے احترام کے فروغ میں مشترکہ مفاد رکھتے ہیں اور تعاون کے نئے شعبے تلاش کریں گے۔

ڈاکٹر کاؤ کم ہورن نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں سہولت کاری کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کا سفارتی کردار قابلِ قدر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تنازعات کے حل اور کشیدگی روکنے کے لیے مسلسل سفارت کاری اور پرامن مذاکرات ضروری ہیں، جبکہ پاکستان کے ساتھ روابط علاقائی اور عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گے۔