کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ بلاول بھٹو کے خونریزی سے متعلق بیان پر عدالتوں کو ازخود نوٹس لینا چاہیے۔ وفاقی حکومت اور امن و امان قائم کرنے کے ذمہ دار اداروں کو بھی اس معاملے کا نوٹس لینا چاہیے۔
انہوں نے بلاول بھٹو پر نسل پرستی کا الزام عائد کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا عزیر بلوچ سے خونریزی کرانی ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ اگر پورے پاکستان میں نئے صوبے بننے ہیں تو خونریزی صرف کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص میں کیوں ہوگی؟ سندھ کے شہری علاقوں میں خونریزی کون کرے گا؟
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پیپلز پارٹی مصنوعی اکثریت کی بنیاد پر سندھ میں حکمرانی کر رہی ہے، جبکہ ان کے بقول صوبے کی 65 فیصد آبادی نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ کر چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کسی بھی قسم کی لسانی تفریق کا شکار نہیں ہونے دیا جائے گا۔
ایم کیو ایم رہنما نے مزید بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ان سے رابطہ کرکے امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا ہے اور 29 نومبر کو ہونے والی ریلی پر نظرثانی کرنے کا کہا ہے۔ ان کے مطابق ریلی کی نئی تاریخ کا اعلان مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔






