امریکن بزنس کونسل پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان اس قدر نتیجہ خیز شراکت داری پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آئی۔ ان کے بقول اگر ماضی میں بھی قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے اسی طرح مل کر کام کیا جاتا تو پاکستان بہت پہلے ترقی کی بلندیوں تک پہنچ چکا ہوتا۔
شہباز شریف نے پاکستان کے معاشی مفادات کے فروغ میں امریکی سرمایہ کاروں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صنعت، زراعت اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سرمایہ کاروں کی جائز شکایات دور کرنے کے لیے ایک مؤثر نظام بنایا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ 2023 میں پاکستان کو دیوالیہ ہونے کے سنگین خطرے کا سامنا تھا، تاہم عالمی اور خلیجی بحرانوں کے باوجود حکومت معاشی استحکام برقرار رکھنے میں کامیاب رہی، جس پر عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے بھی اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ان کے مطابق اس استحکام کے لیے عام شہریوں نے بڑی قربانیاں دیں اور کامیابیوں کا سہرا پوری ٹیم کی مشترکہ کوششوں کو جاتا ہے۔
حکومتی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ بجٹ میں برآمدات، مینوفیکچرنگ اور کارپوریٹ سیکٹر کے فروغ کے لیے 400 ارب روپے کی ٹیکس رعایتیں دی گئی ہیں، جبکہ تنخواہ دار طبقے کو بھی ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔ برآمد کنندگان کو رعایتی قرضوں کی فراہمی کے لیے ایگزم بینک کو چار ارب روپے دیے گئے ہیں اور سمیڈا کو ازسرنو تشکیل دے کر ایک مضبوط ادارہ بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن کے باعث پاکستان ورکس ڈیپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) ختم کیا گیا، جس سے اربوں روپے کی بچت ہو رہی ہے۔ اسی طرح یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے سبسڈی دینے کا پرانا نظام ختم کرکے مستحق افراد کے لیے ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت رواں سال 27 ارب روپے تقسیم کیے گئے۔
توانائی کے شعبے پر بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنی ضروریات کی 90 فیصد سے زیادہ توانائی درآمد کرتا ہے۔ درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے چار ماہ کی مشاورت کے بعد الیکٹرک گاڑیوں کی پالیسی تیار کی گئی ہے۔ انہوں نے آٹو موبائل انڈسٹری پر زور دیا کہ وہ چھ دہائیوں تک مراعات حاصل کرنے کے بعد اب مسابقت کے لیے تیار ہو۔
وزیراعظم نے زراعت کو ایسا شعبہ قرار دیا جو صرف چھ ماہ میں ملکی معیشت کا رخ بدل سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لائیو اسٹاک کے شعبے کو وزارتِ زراعت سے الگ کرکے خودمختار یونٹ بنایا جا رہا ہے، جس کی سربراہی نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے ایک ممتاز کاروباری شخص کو سونپی جائے گی۔ ان کے مطابق پاکستان کے کھربوں ڈالر مالیت کے معدنی ذخائر سے فائدہ اٹھانے کے لیے بھی عملی کام شروع کر دیا گیا ہے۔
نوجوانوں کو ملک کا قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ لاکھوں نوجوانوں کو فنی اور تکنیکی تربیت فراہم کرکے ہنرمند بنایا جا رہا ہے، جبکہ انہیں لیپ ٹاپ اور وظائف بھی دیے جا رہے ہیں۔
خطاب کے اختتام پر وزیراعظم نے کہا کہ قومیں قرضوں اور امداد کے بجائے محنت اور اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر مضبوط بنتی ہیں۔ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے کیونکہ علاقائی امن ہی ملک کی ترقی کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے معاشی ترقی کی جانب پہلا قدم اٹھا لیا ہے اور محنت، قربانی اور مستقل مزاجی سے اپنی منزل حاصل کرے گا۔







