ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات وزارت خارجہ میں ہوئے، جس کے دوران پاکستان اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) کے درمیان شعبہ جاتی مکالمے کی شراکت داری کے تحت ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
مذاکرات میں تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی روابط، زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون کے مواقع پر بات چیت ہوئی۔
دونوں فریقین نے ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، قدرتی آفات سے پیشگی تیاری اور ڈیجیٹل جدت کے شعبوں میں مشترکہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے پاکستان اور آسیان کے رکن ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان کاروباری روابط مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے تعلیمی وظائف، طلبہ کے تبادلوں کے پروگراموں اور مشترکہ تحقیقی منصوبوں کے ذریعے عوامی سطح پر روابط بڑھانے کی اہمیت بھی اجاگر کی۔
مذاکرات کے دوران علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق آسیان کے سیکرٹری جنرل نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور مکالمے و سفارت کاری پر مبنی کوششوں کو سراہا۔
اسحاق ڈار نے آسیان سیکرٹریٹ اور رکن ممالک کے ساتھ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔







