وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم سمیت تمام آبی منصوبے جلد مکمل کیے جائیں گے تاکہ انڈیا ان سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔
انہوں نے انسٹی ٹیوشن آف انجنیئرز پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیر ضمیر کی قیادت میں وفد نے وفاقی وزیر سے ملاقات کی، جس میں ملکی ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت ہوئی۔
احسن اقبال نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کی شرائط سے آزاد ہے اور بجٹ کے حوالے سے کوئی دباؤ نہیں۔ ان کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا اور ایسا کوئی اقدام نہیں کیا جائے گا جس سے قومی اتحاد اور یکجہتی متاثر ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ ملکی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر دفاعی بجٹ میں اضافہ ضروری ہے، پانی کے تمام بڑے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا اور ان کے لیے فنڈز بھی فوری فراہم کیے جائیں گے تاکہ ملکی مفادات کا تحفظ ممکن ہو سکے۔
وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے مزید کہا کہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر دفاعی بجٹ میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ دشمن کی ہر جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے۔
یاد رہے کہ انڈیا نے 6 اور 7 مئی کو نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کو نشانہ بنایا تھا جس سے ڈیم کو نقصان پہنچا۔