لاہور کے علاقے ڈیفنس اے سے خاتون اور اس کے تین بچوں کے اغواء کا واقعہ پیش آیا، جس پر لاہور پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا، جب کہ بیوی اور تین بچے بھی بازیاب کروالیے گئے۔
پولیس کے مطابق مرکزی ملزم ایوب کو ضلع وہاڑی کی تحصیل لڈن سے گرفتار کیا گیا۔ اغواء میں استعمال ہونے والی گاڑی (نمبر 6613) بھی برآمد کر لی گئی۔
پولیس کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے نوٹس پر ایک اسپیشل ٹیم تشکیل دی گئی، جس کی قیادت ایس پی سٹی اور ایس ایچ او ڈیفنس اے نے کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کی ریکی کر کے کامیاب کارروائی کی گئی، مغوی خاتون اور بچے بحفاظت بازیاب ہو گئے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہاہے کہ “خواتین اور بچے ہماری ریڈ لائن ہیں، کسی بھی زیادتی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ قانون ہاتھ میں لینے والوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔”