وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے راولپنڈی سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشوں اور آندھی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی۔
مریم نواز نے راولپنڈی کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے پر فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے واسا افسران کو فیلڈ میں پہنچ کر نکاسی آب یقینی بنانے کا حکم دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بارشوں سے نمٹنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔
مریم نواز نے متوقع بارشوں کے پیش نظر صوبے بھر کی انتظامیہ کو ہنگامی اقدامات کی بھی ہدایت کی ہے۔

لاہور میں تیز آندھی کے باعث مختلف علاقوں میں چھتوں کے گرنے کے واقعات بھی پیش آئے، جس میں متعدد افراد زخمی اور جاں بحق ہوگئے۔
پارک ویو سٹی مین ملتان روڈ پر تیز آندھی کے باعث گھر کی تعمیر کے دوران دو افراد تیسری منزل سے گر کر زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ زخمیوں کی شناخت نوید (38 سال) اور رمضان (45 سال) کے نام سے ہوئی ہے۔
ایل ڈی اے سگنل رائیونڈ روڈ کے قریب ایک شخص تیسری منزل سے گر کر زخمی ہوا، جسے انڈس اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمی کی شناخت علی حسن (21 سال) کے نام سے ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں: گرمی میں ’غیرمعمولی‘ اضافہ، کراچی میں کورونا سے چار افراد جاں بحق
جزاک سٹی مین ملتان روڈ پر ایک شخص تیسری منزل سے گر کر موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ جاں بحق شخص کی شناخت زاہد (40 سال) کے نام سے ہوئی ہے، جس کی لاش فاروق اسپتال منتقل کی گئی۔
برکی روڈ کے علاقے میں 16 سالہ عمیر پہلی منزل سے گر کر زخمی ہوا، جسے سروسز اسپتال منتقل کردیا گیا۔
لاہور چڑیا گھر کے باہر پارکنگ میں تیز آندھی کے باعث درخت گرنے کا واقعہ بھی پیش آیا، جس سے متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق تمام واقعات میں بروقت امدادی کارروائیاں کی گئیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب شیخوپورہ میں شدید آندھی کے باعث مقامی فیکٹری کی چھت گرنے سے صادق آباد کا رہائشی مزدور جاں بحق، جب کہ پانچ افراد شدید زخمی ہوگئے۔ ریسکیو 1122 شیخوپورہ کی ٹیموں نے زخمیوں اور لاش کو ملبے سے نکال کر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا۔