انڈیا کی جانب سے پاکستان کے خلاف معاشی محاذ پر سازشیں ایک بار پھر بے نقاب ہو گئی ہیں، انڈیا نہ صرف پاکستان کے خلاف ’جھوٹا پروپیگنڈا‘ کر رہا ہے بلکہ عالمی مالیاتی اداروں میں بھی پاکستان کی ترقیاتی امداد کو روکنے کی منظم سازشوں میں مصروف ہے۔
سرکاری ٹی وی ’پی ٹی وی‘ کی رپورٹ کے مطابق انڈیا نے حال ہی میں ورلڈ بینک کی جانب سے پاکستان کے لیے منظور شدہ 20 ارب ڈالر مالیت کے منصوبوں کی مخالفت کی، جس کا مقصد پاکستان کو معاشی طور پر کمزور کرنا اور اس کے ترقیاتی اہداف کو سبوتاژ کرنا ہے۔
اسی طرح انڈیا نے پاکستان کو دی جانے والی آئی ایم ایف امداد پر بھی اعتراضات اٹھا کر اپنی بدنیتی ظاہر کر دی ہے۔
علاوہ ازیں، انڈیا نے ایف اے ٹی ایف کو ایک پاکستان مخالف ڈوزیئر بھی پیش کیا ہے، جسے ماہرین محض جھوٹے اور بے بنیاد الزامات پر مبنی قرار دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :پاکستان نے دہشت گردوں کو ختم کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی، انڈین سیاستدان کا الزام
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت کی یہ تمام کوششیں اس کی علاقائی بالادستی کی خواہش کا مظہر اور پاکستان کے ترقیاتی سفر میں رکاوٹ ڈالنے کی سازش کا حصہ ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق بھارت چاہتا ہے کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر اقتصادی اور سفارتی طور پر تنہا ہو جائے تاکہ اس کی مثبت ساکھ متاثر ہو اور ترقی کا عمل سست روی کا شکار ہو جائے۔