انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ آپریشن سندور کے دوران انڈین افواج کی شجاعت اور مہارت نے نہ صرف ہر انڈین کو فخر کا احساس دلایا بلکہ دنیا بھر کو یہ واضح پیغام دیا کہ انڈیا دہشت گردی کے خلاف سنجیدہ اور ہر لمحے تیار ہے۔
عالمی نشریاتی ادارے ‘بی بی سی’ کے مطابق اتوار کے روز آل انڈیا ریڈیو پر نشر ہونے والے اپنے ماہانہ پروگرام ‘من کی بات’ میں انڈین وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے آپریشن سندور کو ‘نئے انڈیا’ کی حوصلہ مندی، عزم اور دفاعی صلاحیتوں کی آئینہ دار قرار دیا۔
نریندر مودی کا کہناتھاکہ یہ صرف ایک فوجی کارروائی نہیں تھی، بلکہ ایک قومی ولولے کا مظہر تھی، جس نے ملک بھر میں حب الوطنی کی نئی لہر دوڑا دی، شہروں، دیہاتوں اور قصبوں میں انڈین پرچموں سے سجی ریلیاں نکلیں، لوگ سڑکوں پر آئے اور اپنے سپاہیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے بتایا کہ چندی گڑھ جیسے شہروں میں نوجوان بڑی تعداد میں سول ڈیفنس والنٹیئرز بننے کے لیے آگے آئے۔ سوشل میڈیا پر ملی نغمے گونجنے لگے، نظمیں لکھی گئیں اور بچوں نے تصویریں بنا کر حب الوطنی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم مودی نے یہ بھی انکشاف کیا کہ آپریشن سندور کے دوران جن بچوں کی پیدائش ہوئی، بعض والدین نے اُن کے نام ‘سندور’ رکھے، جو نہ صرف ایک یادگار نام ہے بلکہ قوم پرستی اور فخر کی علامت بھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانا ہماری افواج کی مہارت اور قربانی کا ثبوت ہے، مگر اس کامیابی میں انڈیا میں تیار کردہ جدید ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی کا بھی کلیدی کردار ہے۔ یہ ’آتم نربھر انڈیا‘ یعنی خود انحصار انڈیا کی عملی تصویر ہے، جو ہمارے انجینئرز، سائنس دانوں اور کاریگروں کی برسوں کی محنت کا نتیجہ ہے۔
مودی نے بتایا کہ اس قومی جذبے نے ’ووکل فار لوکل‘ مہم کو نئی روح بخشی ہے۔ انہوں نے مثال دی کہ ایک جوڑے نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کے لیے صرف مقامی کھلونے خریدیں گے، جب کہ کئی خاندانوں نے عزم کیا ہے کہ اپنی آئندہ چھٹیاں انڈیا کے خوبصورت علاقوں میں گزاریں گے۔
مزید پڑھیں: انڈیا افغانستان کی اشرافیہ کو خرید کر پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر
وزیراعظم نے مزید کہا کہ کچھ نوجوانوں نے ’میڈ اِن انڈیا‘ شادیوں کا رجحان اپنایا ہے، جس میں تقریب سے لے کر تحائف تک، ہر چیز انڈیا میں بنی ہوگی۔
اپنے خطاب کے اختتام پر مودی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملکی مصنوعات کو ترجیح دیں،یہ صرف ایک معاشی فیصلہ نہیں، بلکہ قومی ترقی میں براہِ راست شرکت ہے۔ ہمارا ہر چھوٹا قدم انڈیا کی ترقی کی بنیاد مضبوط کرتا ہے۔
واضح رہے کہ یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے، جب انڈیا اپنی دفاعی صلاحیتوں اور مقامی پیداوار پر انحصار کو عالمی سطح پر اجاگر کر رہا ہے اور مودی حکومت مسلسل قومی یکجہتی اور اقتصادی خودمختاری کے پیغامات دے رہی ہے۔