محکمہ موسمیات نے آج شام (منگل) سے 31 مئی تک شدید بارشوں، تیز آندھی، ژالہ باری اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی ہواؤں کی پیشگوئی کی ہے، جس کے باعث صوبے بھر میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مغربی ہواؤں اور مرطوب ہواؤں کے باہمی اثرات سے شدید موسمی تبدیلیاں رونما ہونے کا امکان ہے۔
راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، لاہور، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرانوالہ، گجرات اور شیخوپورہ میں موسلادھار بارشوں کے ساتھ ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب جنوبی پنجاب کے اضلاع ڈیرہ غازی خان، راجن پور، ملتان، بھکر، لیہ، بہاولپور، ساہیوال، پاکپتن اور وہاڑی میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارشوں اور گرج چمک کے ساتھ ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ کمزور ڈھانچوں، بجلی کے کھمبوں، درختوں، گاڑیوں اور خاص طور پر سولر پینلز سے دور رہیں۔
حالیہ آندھی طوفان میں جاں بحق ہونے والے 70 فیصد افراد کی موت ناقص طور پر نصب شدہ سولر پینلز کے گرنے سے ہوئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: کیا ڈیپ فیک اور جعلی ویڈیوز جنگی محاذ پر خطرناک ہتھیار بن چکی ہیں؟
اسی تناظر میں PDMA نے سولر پینلز کی تنصیب کے حوالے سے نئے ضوابط متعارف کرانے کی ہدایت دی ہے۔
اس کے علاوہ ناقص مٹیریل اور غیر معیاری فٹنگز کے استعمال کو روکنے کے لیے سخت نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ہر ضلع میں موجود سولر سسٹمز کا ازسر نو سروے کیا جائے گا تاکہ خطرناک تنصیبات کو فوری درست کیا جا سکے۔
پنجاب حکومت نے تمام ضلعی انتظامیہ، صحت، تعلیم، بلدیات، آبپاشی اور ریسکیو 1122 سمیت متعلقہ اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر چوبیس گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے اور تمام اضلاع میں ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو بھی فعال کر دیا گیا ہے۔
راولپنڈی کے لیہ نالہ کی خصوصی صفائی اور راجن پور کے واہا علاقے میں ڈیسلٹنگ کے لیے خصوصی فنڈ کی منظوری دی گئی ہے۔
لازمی پڑھیں: تائیوان میں منفرد کار کی نمائش: یہ ’کیلے کا چھلکا‘ ہے کیا؟
اس کے ساتھ ہی، ڈیرہ غازی خان میں ممکنہ ہل ٹورینٹس سے نمٹنے کے لیے قبل از وقت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
PDMA نے ہیلپ لائن 1129، واٹس ایپ نمبر +923178371900 اور لینڈ لائن 042-9922135/6 پر عوام سے رابطے میں رہنے کی اپیل کی ہے۔
علاوہ ازیں مقامی نمائندوں اور مساجد کے ذریعے موسم کی تازہ ترین صورتحال سے متعلق عوام کو بروقت آگاہ کیا جائے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے علاقوں ژوب، زیارت اور بارکھان میں بھی بارش اور آندھی کا امکان ہے۔
درجہ حرارت 37 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری حفاظتی اقدامات کریں جبکہ عوام کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ موسم کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر ضروری سفر اور کھلی جگہوں پر جانے سے گریز کریں۔
مزید پڑھیں: مصنوعی ذہانت کے بڑھتے اثرات: کیا صحافت اور نوکریاں خطرے میں ہیں؟