پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ حبس نے بھی شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات پاکستان کے مطابق کراچی میں آئندہ پورے ہفتے کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ ماہرین موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ہفتے کے اختتام تک گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اتوار کے روز کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، تاہم 70 فیصد نمی کے باعث موسم نہایت حبس زدہ رہا۔
ماہرین کے مطابق محسوس ہونے والی حدت سے حقیقت میں درجہ حرارت زیادہ بڑھ رہا ہے۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے گرمی اور حبس کے باعث سر درد، تھکن، چکر اور دیگر مسائل کی شکایت کی ہے، جبکہ اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک کے خدشے کے پیش نظر تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
مزید پڑھیں: گرمی کے مقابلے میں لاہوریوں کا منفرد ہتھیار جس میں گولہ بارود نہیں پھل شامل ہیں
محکمہ موسمیات کے ایک اعلیٰ اہلکار کے مطابق آئندہ جمعرات اور جمعہ کے دن خاص طور پر شدید گرمی کے حامل ہو سکتے ہیں۔ ان دنوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر سکتا ہے، جو کہ شہریوں کی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور بیماریوں میں مبتلا افراد کے لیے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گرمی کے ان دنوں میں خصوصی احتیاط برتیں۔ ماہرین نے ہدایت دی ہے کہ شہری دن کے اوقات میں غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلیں، دھوپ میں سفر کرنے سے گریز کریں، ہلکے اور ڈھیلے کپڑے پہنیں، اور زیادہ سے زیادہ پانی استعمال کریں تاکہ پانی کی کمی سے بچا جا سکے۔
طبی ماہرین کے مطابق زیادہ درجہ حرارت اور نمی کی موجودگی میں ہیٹ اسٹروک اور ڈی ہائیڈریشن کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ لہٰذا، شہریوں کو چاہیے کہ وہ اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں، خاص طور پر دوپہر 12 بجے سے شام 4 بجے تک کے وقت میں دھوپ سے بچیں۔