پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کردیا گیا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں پر اس ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
ٹیم کی قیادت لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کے سپرد کی گئی ہے، جو اپنی جارحانہ باؤلنگ اور قائدانہ صلاحیتوں کے باعث اس ٹورنامنٹ میں نمایاں رہے اور اس پی ایس ایل کے فاتح کپتان بھی ہیں۔
وکٹ کیپر کے طور پر لاہور قلندرز کے صاحب زادہ فرحان کو شامل کیا گیا ہے جنہوں نے شاندار بیٹنگ اور عمدہ وکٹ کیپنگ سے سب کو متاثر کیا۔ غیر ملکی کھلاڑیوں میں کراچی کنگز کے ڈیوڈ وارنر اور جیمز وِنس ٹیم کا حصہ ہیں، جنہوں نے پی ایس ایل میں اپنی جارحانہ بیٹنگ سے میچز کا پانسہ پلٹا۔

پاکستانی بیٹر فخر زمان اور نوجوان کھلاڑی حسن نواز بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔ ان کے علاوہ زمبابوے سے تعلق رکھنے والے تجربہ کار آل راؤنڈر سکندر رضا بھی اس ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں، جنہوں نے بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں میں بہترین کارکردگی دکھائی۔
آل راؤنڈر فہیم اشرف، فاسٹ باؤلر حسن علی، اور اسپنر ابرار احمد بھی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں شامل ہیں۔ نوجوان ابھرتے ہوئے کھلاڑی علی رضا کو ایمرجنگ پلیئر کے طور پر اس ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
ٹیم میں بارہویں کھلاڑی کے طور پر خوشدل شاہ کو شامل کیا گیا ہے، جنہوں نے اپنے محدود مگر مؤثر کردار سے ٹیم کو کئی مواقع پر سہارا دیا۔