متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی نوعیت کی فوجی کارروائی کے لیے نہ تو اس کی فضائی، زمینی یا بحری حدود استعمال کی جائیں گی اور نہ ہی اس مقصد کے لیے کسی قسم کی لاجسٹک معاونت فراہم کی جائے گی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات بات چیت، کشیدگی میں کمی، بین الاقوامی قوانین کی پاسداری اور ریاستی خودمختاری کے احترام کا حامی ہے۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق متحدہ عرب امارات تمام تنازعات کو سفارتی ذرائع سے حل ہوتے دیکھنا چاہتا ہے۔

واضح رہے کہ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ حالیہ دنوں میں تہران کے خلاف فوجی کارروائی کے عندیے بھی متعدد مرتبہ دے چکے ہیں۔