گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے حالیہ بیانات پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلحے سے متعلق ان کا بیان ریاست کے خلاف بغاوت کے مترادف ہے، جو کسی عوامی نمائندے کو زیب نہیں دیتا۔
نجی نشریاتی ادارے ‘ایکسپریس نیوز’ کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ریاستی اداروں کے خلاف زبان درازی ناقابلِ برداشت ہے اور ایسے بیانات دینے والا شخص عوامی نمائندگی کا اہل نہیں رہتا۔
انہوں نے علی امین گنڈاپور پر الزام عائد کیا کہ وہ نہ صرف آئین اور ریاستی وحدت کے خلاف زبان استعمال کر رہے ہیں بلکہ افغان مہاجرین کی واپسی جیسے حساس مسئلے کو بھی سیاسی رنگ دے کر گندی سیاست کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج کی فتوحات کے خلاف سوشل میڈیا پر جاری مہمات کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں پناہ دی جارہی ہے، جو ایک افسوسناک عمل ہے۔
مزید پڑھیں: ذوالحجہ کا چاند نظر نہیں آیا، پاکستان میں عیدالاضحیٰ 7 جون کو ہوگی
فیصل کریم کنڈی نے پشاور میں پرامن احتجاجی مظاہرین پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کو فسطائیت کی بدترین مثال قرار دیا اور کہا کہ احتجاج پر حملہ حکومت کی بوکھلاہٹ کو ظاہر کرتا ہے۔
گورنر نے خیبرپختونخوا حکومت پر کرپشن کے سنگین الزامات کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ “علی بابا چالیس چوروں” کے قبضے میں ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ کوہستان میں 40 ارب روپے کا میگا اسکینڈل منظرِ عام پر آیا، لیکن اب تک کوئی انکوائری نہیں کی گئی۔ سولر منصوبے کرپشن کے گڑھ بن چکے ہیں، گریڈ 4 کی نوکریاں بیچی جا رہی ہیں اور اساتذہ کی بھرتیوں کے ٹیسٹ وزیروں کے گھروں میں لیے جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جن اداروں کا کام جنگ لڑنا ہے وہ سیاست میں مداخلت کر رہے ہیں، علی امین گنڈاپور
اپنے بیان کے اختتام پر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ایسی حکومت آئینی اور عوامی اعتماد کھو چکی ہے، ریاست پاکستان ناقابلِ تقسیم ہے اور قانون کی نظر میں کوئی بھی شخص بالاتر نہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی تباہی کی اصل وجہ مارشل لاء اور غیر آئینی مداخلتیں ہیں، جن اداروں کا کام سرحدوں کی حفاظت اور جنگ لڑنا ہے وہ سیاست میں مداخلت کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے خیبرپختونخوا کی کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف نے بھی ہمارے اہداف کو سراہا ہے، جب کہ باقی صوبے فارم 47 کی بنیاد پر قائم حکومتوں کے رحم و کرم پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل پیپلزپارٹی پر ریڈ زون میں جو شیلنگ ہوئی وہ ان کے حکم پر نہیں تھی بلکہ ریڈ زون کے ایس او پیز کے تحت کی گئی، مگر پیپلزپارٹی نے عمران خان کی رہائی کے کیمپ کو جلا دیا اور وہ بھٹو کا نام لیتے ہیں لیکن انہوں نے خود بھٹو کو مروایا۔