نائیجیریا کی وسطی ریاست بینو کے ضلع گور ویسٹ میں ہفتہ اور اتوار کو پیش آنے والے پے در پے حملوں میں کم از کم 42 افراد ہلاک ہوگئے۔
مقامی حکام کے مطابق یہ حملے مبینہ طور پر مسلح چرواہوں کی جانب سے کیے گئے۔
گور ویسٹ کی مقامی حکومت کے چیئرمین، وکٹر امنن، نے منگل کے روز میڈیا کو بتایا کہ صرف اتوار کو آہومے اور آوندونا دیہاتوں میں 32 لاشیں برآمد کی گئیں، جب کہ اس سے ایک روز قبل ہفتہ کو تیولاہا اور تسے ابیام دیہاتوں پر حملے میں مزید 10 افراد ہلاک ہوئے۔
امنن کا کہنا تھا کہ “صورتحال نہایت افسوسناک ہے، تاحال لاشوں کی بازیابی جاری ہے۔”
بینو، نائیجیریا کے مڈل بیلٹ علاقے میں واقع ہے جہاں مسلمان شمال اور عیسائی اکثریتی جنوب کا ملاپ ہوتا ہے۔
اس خطے میں زمین کے استعمال پر دیرینہ تنازعات پائے جاتے ہیں، چرواہے چراگاہوں کے لیے اور کاشتکار زرعی مقاصد کے لیے زمین چاہتے ہیں۔ ان تنازعات کو نسلی اور مذہبی تقسیم مزید پیچیدہ بنا دیتی ہے۔
بینو کے گورنر ہیا سنتھ ایورم علیا کے دفتر نے تصدیق کی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ایک کیتھولک پادری کو بھی گولی مار دی گئی، جو کہ تشویشناک حالت میں ہسپتال میں زیر علاج ہے۔
سیکیورٹی حکام نے صورتحال پر قابو پانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں، تاہم متاثرہ علاقوں میں خوف کی فضا تاحال قائم ہے۔
مزید پڑھیں: کریبین جزیرے میں 11 لاشیں لیے کشتی نمودار، مسافروں کا تعلق کہاں سے تھا؟