Follw Us on:

انگلش کپتان جوز بٹلر کی بھارت ہی میں بیٹھ کر بی سی سی آئی پر تنقید

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
England cricket team captain Jos Buttler
فائل فوٹو / گوگل

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے بھارت میں ہی بیٹھ کر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے کولکتہ میں بھارت کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ سے قبل (پری میچ) پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کے جدید دور میں اور خاص طور پر اتنے مصروف شیڈول کے دوران کھلاڑیوں کے لئے فیملی کا ساتھ ہونا انتہائی ضروری ہے، ان کے مطابق “ٹورز پر فیملی کا ہونا بہت ضروری ہے کیونکہ یہ ہمیشہ مدد کرتا ہے، یہ تب زیادہ اہمیت اختیار کرتا ہے جب آپ کے قریبی لوگ آپ کے ساتھ ہوں۔ اس سے کرکٹ پر کوئی منفی اثر نہیں پڑتا۔”

انگلینڈ ٹیم بھارت میں 12 فروری تک رہے گی اور پھر 2025 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لئے پاکستان روانہ ہوگی۔ انگلینڈ کا سفر روایتی حریف آسٹریلیا کے خلاف لاہور میں 22 فروری کو ہونے والے میچ سے شروع ہوگا۔

جوز بٹلر نے مزید کہا کہ “میرے خیال میں فیملیز کا کھلاڑیوں کے ساتھ ہونا بہت اہم ہے، ہم آج کل ایک جدید دنیا میں جی رہے ہیں، میرے نزدیک یہ بہت اچھا ہے کہ آپ اپنی فیملی کو ٹور پر اپنے ساتھ رکھ سکیں اور ان کی قربت سے لطف اندوز ہو سکیں۔ کرکٹ بہت زیادہ کھیلی جاتی ہے، لوگ طویل عرصے تک اپنے گھروں سے دور رہتے ہیں۔ کووڈ کے بعد یہ سب چیزیں مزید واضح ہو گئی ہیں۔ بالکل میرے خیال میں یہ کرکٹ پر زیادہ اثر انداز نہیں ہوتا”۔

بٹلر نے یہ بھی ذکر کیا کہ خاندان کے ساتھ وقت گزارنے اور ٹیم پر توجہ مرکوز رکھنے کے درمیان توازن قائم کرنا نہا یت ضروری ہے، انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ “میرے خیال میں یہ ایک ایسی چیز ہے جس کا انتظام بخوبی کیا جا سکتا ہے۔ ذاتی طور پر میری نظر میں یہ بہت ضروری ہے کہ آپ اسے اپنے خاندان کے ساتھ شیئر کریں اور گھر سے دور رہنے کا بوجھ کم کریں”۔

اس موقع پر بٹلر نے کھلاڑیوں کی فیملی کے ساتھ رہائش کے اصولوں کے حوالے سے بی سی سی آئی کی پالیسی پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔

اس حوالے سے ایک اہم تبدیلی 2023 میں آئی تھی جب بی سی سی آئی نے کھلاڑیوں کے سفر اور قیام سے متعلق آف فیلڈ مسائل کو حل کیا اور فیملی کے قیام کے لئے ایک نیا اصول نافذ کیا تھا۔ اب کھلاڑیوں کو اپنے خاندان کو 14 دن تک اپنے ساتھ رکھنے کی اجازت ہو گی بشرطیکہ دورہ کم از کم 45 دن کا ہو۔ اس اصول کو لے کر بھارت کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما اور بی سی سی آئی کے نئے سیکرٹری دیواجیت سائکیا کے درمیان بات چیت جاری ہے۔

واضح رہے کہ بھارت کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹیم کی حالیہ ناقص کارگردگی کے پیش نظر غیر ملکی دوروں کے دوران فیملیز کے کھلاڑیوں کے ہمراہ ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا، بورڈ کا ماننا ہے کہ کھلاڑیوں کے ہمراہ فیملیز کا ہونا کھیل سے ان کی توجہ کو ہٹانے کا باعث بنا جس کے باعث ٹیم کو مسلسل ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس