پوپ لیو نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی اپیل کرتے ہوئے اسرائیل اور حماس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی انسانی قوانین کی مکمل پاسداری کریں۔
سینٹ پیٹرز اسکوائر میں ہفتہ وار عام اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پوپ نے کہا کہ جو اپنے بچوں کی لاشیں سینے سے لگائے بیٹھے ہیں ان کے والدین کی دلخراش صدائیں آسمان تک پہنچ رہی ہیں۔
پوپ لیو نے زور دے کر کہا کہ جو لوگ اس صورتحال کے ذمہ دار ہیں، ان سے میری دوبارہ اپیل ہے کہ جنگ بند کریں، تمام یرغمالیوں کو رہا کریں اور انسانی قوانین کی مکمل طور پر پابندی کریں۔

8 مئی کو آنجہانی پوپ فرانسس کے انتقال کے بعد منتخب ہونے والے پوپ لیو نے یوکرین میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے بھی عالمی برادری سے اپیل کی۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی پوپ لیو چہاردہم نے 21 مئی کو بھی اسرائیل سے اپیل کی تھی کہ وہ انسانی امداد کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دے۔ انہوں نے فلسطینی انکلیو کی صورتِ حال کو “مزید تشویشناک اور افسوسناک” قرار دیا تھا۔
مزید پڑھیں:غزہ میں اسرائیلی بمباری، صحافی سمیت درجنوں فلسطینی شہید
پوپ نے سینٹ پیٹرز سکوائر میں عمومی سامعین سے اپنے ہفتہ وار خطاب کے دوران کہا کہ میں اپنی پرجوش اپیل کی تجدید کرتا ہوں کہ منصفانہ انسانی مدد کے داخلے کی اجازت دی جائے اور دشمنی ختم کی جائے جس کی تباہ کن قیمت بچے، بوڑھے اور بیمار ادا کرتے ہیں۔