انڈیا کے وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ کا کہنا ہے کہ انھیں یقین ہے کہ وہ دن دور نہیں جب محبت، اتحاد اور سچائی کے راستے پر چلتے ہوئے ہمارا اپنا حصہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر لوٹ کر کہے گا کہ میں بھارت ہی ہوں اور واپس آیا ہوں۔
راج ناتھ سنگھ نے دہلی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر(آزاد کشمیر) کے لوگوں کی ایک بڑی تعداد انڈیا کے ساتھ تعلق محسوس کرتی ہے،’کچھ گنے چنے ہی ہیں جنھیں بھٹکایا گیا ہے۔’
انڈین وزیر خارجہ نے پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے رہائشیوں کو بھائی پکارتے ہوئے کہا کہ ہمارے بھائیوں کی حالت کچھ ایسی ہی ہے جیسی مہارانا پرتاپ سنگھ کے چھوٹے بھائی شکتی سنگھ کی تھی۔ چھوٹے بھائی کے الگ ہو جانے کے باوجود مہارانا پرتاپ کا اپنے چھوٹے بھائی پر بھروسہ قائم رہا اور وہ کہتے تھے کہ میرا ہی بھائی ہے مجھ سے دور کہاں جائے گا،انھوں نے دعویٰ کیا کہ انڈیا ہمیشہ دلوں کو جوڑنے کی بات کرتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے انڈیا کے ساتھ انضمام کا انحصار انڈیا کی ثقافتی، سماجی اور اقتصادی خوشحالی پر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا پاکستان نے 3 رافال طیارے مار گرائے؟ فرانسیسی فوج کا پہلی بار ردعمل سامنے آگیا
انڈین فضائیہ کے سربراہ اور ایئر چیف مارشل امر پریت سنگھ نے دہلی میں اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن سندورانڈیا کی نیشنل وکٹری(قومی فتح) ہے جس پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔

تقریب سے خطاب کے دوران انڈین ایئر چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں شدت پسندوں کے نو کیمپوں پر حملے نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ جنگ کی بدلتی ہوئی نوعیت کو ظاہر کیا اور مستقبل کی دفاعی حکمت عملی کے لیے ایک واضح سمت فراہم کی ہے۔
مزید پڑھیں:انڈیا کی پاکستان کی سرحد کے ساتھ مشقیں، مودی سرکار کیا سوچ رہی ہے؟
انھوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اس حملے کو بہت پروفیشنل انداز میں کیا گیا ہے، اس آپریشن کے دوران ہمیں نہ صرف یہ سمجھنے میں آسانی ہوئی کہ ہم کہاں کھڑے ہوئے ہیں بلکہ یہ بھی سامنے آیا کہ مستقبل میں ہمیں کیا کرنا ہے۔