پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے دو مختلف اضلاع میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے انڈیا کی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیم سے وابستہ سات خوارج کو ہلاک کر دیا۔ ان کارروائیوں کے دوران وطن کے چار سپوت شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں 28 اور 29 مئی کی درمیانی شب دہشت گردوں نے ایک سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی، جسے سیکیورٹی فورسز نے نہایت بہادری سے ناکام بنایا۔ جھڑپ کے دوران چھ خوارج ہلاک کر دیے گئے، جب کہ چار پاکستانی جوان جام شہادت نوش کر گئے۔
شہداء میں لیفٹیننٹ دانیال اسماعیل (24 سال، ضلع مردان)، نائب صوبیدار کاشف رضا (42 سال، چکوال)، لانس نائیک فیاقت علی (35 سال، ہری پور) اور سپاہی محمد حمید (26 سال، ایبٹ آباد) شامل ہیں۔
لیفٹیننٹ دانیال اسماعیل نے بہادری اور قیادت کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ وہ سات ماہ قبل پاک فوج میں شامل ہوئے تھے۔ ان کے والد پاک فضائیہ میں بطور ڈرائیور خدمات انجام دے رہے ہیں۔ شہید افسر اپنے والد اور بھائی کا فخر بن کر امر ہو گئے۔
نائب صوبیدار کاشف رضا 21 برس سے ملک و ملت کی خدمت کر رہے تھے اور اپنے پیچھے بیوہ، ایک بیٹی اور دو بیٹے چھوڑ گئے۔ لانس نائیک فیاقت علی نے 15 سال فوج میں خدمات انجام دیں، اور ان کے اہل خانہ میں بیوہ، ایک بیٹی اور تین بیٹے شامل ہیں۔ سپاہی محمد حمید نے چھ برس تک پاک فوج میں فرائض انجام دیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایک اور کارروائی چترال کے ضلع میں عمل میں لائی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے انڈین سرپرستی میں کام کرنے والے ایک اور دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔
متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ باقی ماندہ دہشت گرد عناصر کو ختم کیا جا سکے۔ پاک فوج نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک میں انڈین سرپرست دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور شہداء کی قربانیاں قوم کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔
مزید پڑھیں: شہباز شریف کا دورہ تاجکستان: ‘عالمی برادری غیر ذمہ دارانہ رویے پر انڈیا سے معافی مانگے’
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سیکیورٹی فورسز کی ان کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ دانیال اسماعیل، نائب صوبیدار کاشف رضا، لانس نائیک فیاقت علی اور سپاہی محمد حمید نے مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر تاریخ رقم کی ہے۔
صدرِ پاکستان نے شہداء کے اہلِ خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔
قوم نے اپنے ان سپوتوں کو سلام پیش کیا ہے جن کی قربانیوں سے وطن کا پرچم ہمیشہ بلند رہے گا۔ ان شہداء کی یادیں ہمیشہ پاکستانی قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گی۔