ترجمان پنجاب پولیس کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ایک لاکھ 59 ہزار سے زائد افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے، جب کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر دو لاکھ 78 ہزار سے زائد چالان کیے گئے، جن سے 15 کروڑ 70 لاکھ روپے جرمانے کی صورت میں وصول کیے گئے۔
پنجاب بھر میں دھواں چھوڑنے والی 5 ہزار 526 گاڑیوں کے چالان کیے گئے اور انہیں 519 تھانوں میں بند کیا گیا۔ رواں سال کے دوران اب تک مجموعی طور پر 34 لاکھ 71 ہزار سے زائد افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 49 لاکھ 83 ہزار سے زائد چالان کیے گئے، جن سے 3 ارب روپے سے زائد جرمانے کی مد میں وصولی کی گئی۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور ایران کے درمیان بارڈر 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا اعلان
اسی عرصے کے دوران دھواں چھوڑنے والی 2 لاکھ 24 ہزار سے زائد گاڑیوں کے چالان کیے گئے، اور 19 ہزار 240 گاڑیاں مختلف تھانوں میں بند کی گئیں۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی، اور چالانوں کے نادہندگان سے ریکوری کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب پولیس کے 127 ڈرائیونگ ٹریننگ اسکولز میں شہریوں کو روڈ سیفٹی، لائسنسنگ اور ٹریفک قوانین کی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔
آئی جی پنجاب نے واضح کیا کہ بغیر لائسنس گاڑی چلانا ایک جرم ہے، اور ڈرائیور حضرات کے پاس لائسنس کی موجودگی انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے شہریوں کو آگاہ کیا کہ لرنر، ریگولر ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید، ڈوپلیکیٹ لائسنس سمیت دیگر سہولیات کے لیے آن لائن درخواست دی جا سکتی ہے۔
پنجاب پولیس کی جانب سے یہ اقدامات نہ صرف سڑکوں پر قانون کی عملداری یقینی بنانے کے لیے اہم ہیں بلکہ شہریوں کو محفوظ اور قانون پسند ڈرائیونگ کلچر کی جانب راغب کرنے کی ایک بڑی کوشش بھی ہیں۔