Follw Us on:

’مقامی صنعت کا تحفظ‘، امریکا کا اسٹیل اور ایلومینیم کی درآمدات پر ٹیرف 50 فیصد کرنے کا اعلان

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Trump steel tarif
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اس اقدام سے امریکی اسٹیل انڈسٹری کو نئی زندگی ملے گی۔ (فوٹو: قومی آواز)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسٹیل اور ایلومینیم کی درآمدات پر عائد 25 فیصد ٹیرف کو بڑھا کر 50 فیصد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے پنسلوانیا کے صنعتی شہر پٹسبرگ میں ایک سیاسی جلسے سے خطاب کے دوران اس فیصلے کا اعلان کیا۔

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اس اقدام سے امریکی اسٹیل انڈسٹری کو نئی زندگی ملے گی، ملازمتیں بڑھیں گی، اور ملک کی دفاعی صلاحیت مضبوط ہو گی۔

امریکی صدر نے کہا کہ، درآمد ہونے والے اسٹیل اور ایلومینیم پر ٹیکس (25) فیصد کے بجائے (50) فیصد کرنے کا مقصد مقامی صنعتوں کو تحفظ دینا اور امریکا کو عالمی سطح پر اسٹیل کی پیداوار میں خود کفیل بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال نہیں ہونے دیں گے، وزیراعظم شہباز شریف

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ فیصلہ مقامی انڈسٹری کی بقا، روزگار کے تحفظ اور قومی سلامتی کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی اسٹیل انڈسٹری کو چین، جاپان، انڈیا اور دیگر ممالک سے درآمد کی جانے والی سستی مصنوعات نے نقصان پہنچایا ہے۔

Steel and aluminium tariffs
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ فیصلہ مقامی انڈسٹری کی بقا، روزگار کے تحفظ اور قومی سلامتی کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔ (فوٹو: سی این این)

صدر ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اُن کے پہلے دورِ حکومت میں لگائے گئے پچیس فیصد ٹیرف نے امریکی اسٹیل انڈسٹری کو جزوی طور پر بحال کیا، اور اب اس میں مزید بہتری لانے کے لیے ٹیرف کو دگنا کرنا ضروری ہے۔ یہ نیا ٹیرف پورے امریکا میں نافذ کیا جائے گا اور بدھ کے روز سے اس پر عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔ اس کا اطلاق تمام درآمدی اسٹیل اور ایلومینیم پر ہوگا۔

امریکی صدر نے کہا کہ، یہ فیصلہ نہ صرف امریکا کی مقامی صنعت کو تحفظ فراہم کرے گا بلکہ اس کے ساتھ جاپانی کمپنی نپّون اسٹیل اور امریکی یو ایس اسٹیل کے درمیان 14 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا آغاز بھی ہے۔ یہ سرمایہ کاری چودہ ماہ کے دوران کی جائے گی اور معاہدے کے تحت امریکی حکومت کو پیداوار میں کمی کے فیصلوں پر ویٹو پاور حاصل ہوگی۔

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ معاہدے کے تحت کسی بھی امریکی ملازم کو برطرف نہیں کیا جائے گا، نہ ہی کسی قسم کی آؤٹ سورسنگ ہوگی۔ ہر اسٹیل ورکر کو 5 ہزار ڈالر بونس بھی دیا جائے گا۔ تاہم، ٹرمپ نے تسلیم کیا کہ انہوں نے ابھی تک معاہدے کی حتمی دستاویزات نہیں دیکھی ہیں۔

Aluminum
چین دنیا کا سب سے بڑا اسٹیل پیدا کرنے والا ملک ہے۔ (فوٹو: وی او اے)

ماہرین کے مطابق، پاکستانی صنعتوں، خصوصاً آٹو، تعمیرات اور انجینئرنگ شعبہ جات، جو اسٹیل پر انحصار کرتے ہیں، اُنہیں اپنی قیمتوں میں تبدیلی اور درآمدی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنا پڑ سکتی ہے۔

پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے بھی یہ فیصلہ اہم ہے۔ اگر امریکا عالمی سطح پر درآمدی پابندیاں بڑھاتا ہے تو سپلائی چین متاثر ہوگی اور پاکستانی کمپنیوں کے لیے امریکی مارکیٹ تک رسائی مزید مشکل ہو سکتی ہے۔

چین، جو دنیا کا سب سے بڑا اسٹیل پیدا کرنے والا ملک ہے، نے امریکی فیصلے پر شدید ردعمل دیا ہے۔ بیجنگ نے امریکہ پر “امتیازی پابندیاں” لگانے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ امریکا تجارتی معاہدوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ ٹرمپ نے چین پر یہ الزام بھی لگایا ہے کہ وہ حالیہ تجارتی معاہدے کی شقوں پر عمل نہیں کر رہا، خاص طور پر نان ٹیرف رکاوٹوں کے خاتمے کے حوالے سے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس