وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان گرینڈ جرگے سے خطاب کیا ، وزیراعظم نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کو معاشرے میں جگہ نہیں ملنی چاہیے۔

وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف کا گرینڈ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دہشتگردوں کو معاشرتی جگہ نہیں ملنے دینی چاہیے، سکیورٹی ادارے عوام کی حمایت سے دہشتگردی کے خلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا بلوچستان میں تخریب کاری کے ذریعے امن و ترقی کو نشانہ بنا رہا ہے، فتنہ الہندوستان جیسے دہشت گرد گروہ عوامی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: توشہ خانہ ٹو کیس: بشریٰ بی بی نے سماعت کے لیے کمرہ عدالت آنے سے انکار کیوں کیا؟
بلوچستان کے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صوبے کی ترقی کے لیے بڑے پیکجز متعارف کروائے گئے ہیں، ان پیکجز کے اثرات عوام تک پہنچنے چاہیئیں۔ بلوچ عوام نے قومی وحدت کے لیے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہداء کے لواحقین کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا، جب کہ بلوچستان میں ہائبرڈ خطرات کے خلاف پیشہ ورانہ مہارت اور اسٹریٹجک فہم ناگزیر ہے۔
فیلڈ مارشل و چیف آف آرمی اسٹاف سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن ناقابلِ سودے بازی ہے اور پاکستان کا مستقبل اس سے جڑا ہے۔
نجی نشریاتی ادارے ہم نیوز کے مطابق کوئٹہ میں گرینڈ جرگے میں قبائلی عبائدین سے خطاب کرتے ہوئے عاصم منیر کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے نیٹ ورکس کے پیچھے انڈیا کا ہاتھ ہے، انڈین پراکسی وار اب چھپی نہیں بلکہ یہ اب کھلی جارحیت میں تبدیل ہو چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آرمی ہر خطرے کا بھر پور طریقے سے جواب دینے کے لیے تیار ہے، دشمن کی ہر اندرونی و بیرونی سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن ناقابلِ سودے بازی ہے اور پاکستان کا مستقبل اس سے جڑا ہوا ہے۔