ڈیرہ غازی خان کے علاقے کوٹ مبارک میں پنجاب پولیس نے خفیہ اطلاع پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے 4 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جب کہ دیگر دہشت گرد جھاڑیوں اور ٹیلوں کی آڑ میں فرار ہو گئے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس کو کوٹ مبارک، جو کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے سرحدی علاقے میں واقع ہے، وہاں خوارجی دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ دہشت گرد مختلف مقامات پر شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا رہے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کا محاصرہ کیا اور آپریشن کا آغاز کیا۔
ترجمان کے مطابق دہشت گردوں نے بھاری اسلحے سے پولیس ٹیموں پر حملہ کیا، تاہم پولیس کی بروقت اور موثر جوابی کارروائی نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم، فیلڈ مارشل کا بلوچستان میں گرینڈ جرگہ: ’دہشت گردی کے خلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچائیں گے‘
ترجمان پنجاب پولیس نے کہا ہے کہ آپریشن کے دوران 4 خوارجی دہشت گرد مارے گئے، جب کہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ اینڈ سویپ آپریشن جاری ہے۔
آپریشن کی نگرانی آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کی، جب کہ ڈی پی او سید علی کی قیادت میں پولیس ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں موجود رہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر ڈیرہ غازی خان پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب پولیس دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر کو ان کے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔