واٹس ایپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ یکم جون 2025 سے کئی پرانے ایپل اور اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز کے لیے اپنی سروس ختم کر دے گا۔
میٹا کی ملکیت میں کام کرنے والی میسیجنگ ایپ کا کہنا ہے کہ اب صرف وہی آئی فونز واٹس ایپ کے لیے قابل استعمال ہوں گے جو ایپل 15.1 یا اس سے اوپر کے ورژنز پر کام کر رہے ہوں، جبکہ اینڈرائیڈ صارفین کو کم از کم اینڈرائیڈ 5 یا اس سے جدید ورژن کی ضرورت ہو گی۔ اس پالیسی میں جن ڈیوائسز کو شامل کیا گیا ہے ان میں آئی فون 5 ایس، آئی فون 6، سام سنگ گلیکسی ایس III، HTC One X اور سونی ایکسپریا زیڈ شامل ہیں۔
اگرچہ کچھ اطلاعات میں آئی فون 6s، 6s پلس اور پہلی قسم کے آئی فون ایس ای کو بھی سپورٹ لسٹ سے نکالنے کی بات کی گئی ہے، لیکن یہ ڈیوائسز ابھی تک iOS 15.8.4 پر چل رہی ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ انہیں کم از کم ایک سال کی مزید سپورٹ حاصل رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: نوجوان ویڈیو گیمنگ سے کیسے روزگار حاصل کرسکتے ہیں؟
واٹس ایپ کے مطابق، وہ ہر سال جائزہ لیتے ہیں کہ کون سے ڈیوائسز اور آپریٹنگ سسٹمز پرانے ہو چکے ہیں اور کم استعمال کیے جا رہے ہیں۔ ایسے آلات میں سیکیورٹی اپ ڈیٹس کی کمی یا وہ ٹیکنیکل صلاحیتیں نہ ہونے کا امکان ہوتا ہے جو واٹس ایپ جیسے جدید ایپ کو چلانے کے لیے ضروری ہیں۔ اس لیے ان ڈیوائسز پر سپورٹ ختم کرنا ایک عملی اور سیکیورٹی کے لحاظ سے ضروری قدم سمجھا جاتا ہے۔

واٹس ایپ اپنی خدمات کو مزید جدید بنا رہا ہے، جیسے کہ ملٹی ڈیوائس فنکشنلٹی، اور آئی پیڈ کے لیے مخصوص ایپلیکیشن کی تیاری۔ یہ تمام فیچرز صرف نئے یا جدید سافٹ ویئر پر چلنے والے ہارڈویئر پر بہتر انداز میں کام کر سکتے ہیں۔
ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق، پرانے ہارڈویئر کے لیے سپورٹ ختم کرنا صرف کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے نہیں بلکہ یہ ایک بڑی حد تک صارف کی سیکیورٹی کو بھی یقینی بنانے کا ذریعہ ہے، کیونکہ محدود تعداد میں پلیٹ فارمز پر اپ ڈیٹس فراہم کرنا زیادہ محفوظ اور مؤثر ہوتا ہے۔
ایسے صارفین جو اب بھی پرانے فونز استعمال کر رہے ہیں، ان کے لیے واٹس ایپ کا یہ فیصلہ ایک وارننگ ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ وہ اپ گریڈ کرنے پر سنجیدگی سے غور کریں تاکہ وہ سروس سے محروم نہ ہوں اور ایک محفوظ ڈیجیٹل ماحول میں رہیں۔