وزیرِاعظم پاکستان نے کہا ہے کہ مسلح افواج نے فیلڈ مارشل کی قیادت میں انڈیا کو وہ سبق سکھایا جو وہ قیامت تک نہیں بھولے گا۔
پشاور میں قومی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جرگے میں شرکت میرے لیے باعثِ اعزاز ہے، خیبرپختونخوا پاکستان کا خوبصورت ترین صوبہ ہے، کے پی انتہائی دلیر اور غیور عوام کی سرزمین ہے۔قبائلی عمائدین اور خیبرپختونخوا کے لوگ غیرت مند ہیں۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے لوگوں نے 1947 کے ریفرنڈم میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا، قیامِ پاکستان میں بھرپور ساتھ دے کر ثابت کیا آپ پاکستان کے بڑے حامی ہیں۔ آپ نے ہر موقع پرملکی دفاع پوری قوت اور دلیری کے ساتھ کیا۔
انہوں نے کے پی کے لوگوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کی عظیم قربانیاں تاریخ کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔

شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ این ایف سی ایوارڈ میں خیبرپختونخوا کے حصے پر کمیٹی تشکیل دی جائے گی، دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے خیبرپختونخوا کو دیئے گئے ایک فیصد پر تمام صوبوں نے مکمل اتفاق کیا۔
انہوں نے کہا کہ 2010 میں این ایف سی ایوارڈ کا پہلا ایجنڈا آئٹم خیبرپختونخوا میں انسدادِ دہشتگردی کا تھا، 2010 سے اب تک کے پی کو انسدادِ دہشت گردی کی مد میں 700 ارب روپے دیئے گئے۔
وزیرِاعظم پاکستان نے کہا ہے کہ کے پی میں پولیس کو جدید تقاضوں سے لیس کرکے نئی فورس کھڑی کرنی ہے، کے پی کو دہشتگردی کےمکمل خاتمے تک فنڈز ملتے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کا ہر اول دستے کا کردار تسلیم کرتی ہے، مسلح افواج نے فیلڈ مارشل کی قیادت میں انڈیا کو وہ سبق سکھایا جو وہ قیامت تک نہیں بھولے گا۔افواجِ پاکستان کے افسروں اور جوانوں نےملکی دفاع کے لیے بےپناہ قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وطن سے محبت کا یہی وہ جذبہ ہے، جس کےذریعے ہم ملک کی تقدیر بدلیں گے۔ اللہ رب العزت نے پاکستان کو عظیم کامیابی عطا فرمائی، انڈیا کے خلاف تاریخی فتح پر دوست ملکوں میں خوشیاں منائی گئیں۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے بڑے فیصلے کرنے ہیں، حالیہ جنگ میں پاکستان فاتح رہا، اسی طرح پاکستانی ایک کامیاب قوم بن کر ابھریں گے، پانی کے ایک ایک قطرے پر پاکستان عوام کا حق ہے۔ پانی کے ذخائر میں اضافے کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر اقدامات کریں گے۔