امیر جماعت اسلامی پاکستان سے پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے سفیر اقبال حسین نے اسلام آباد میں ان کے مرکزی دفتر میں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش دوستی کے ایک نئے اور مثبت دور میں داخل ہو چکے ہیں، دونوں ممالک کو عوامی سطح پر مزید قریب لانے کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ دفاع، تعلیم، تجارت اور ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دیا جانا چاہیے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش دینی، تہذیبی اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور ان کے عوام کو ایک دوسرے سے الگ نہیں کیا جا سکتا، ان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے دونوں اقوام کو ایک دوسرے کے قریب لانا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو دفاع اور سلامتی کے ایک جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، جن کا مؤثر حل باہمی تعاون اور مشترکہ حکمت عملی سے ممکن ہے۔ دوستی اور باہمی اعتماد کو فروغ دینا دونوں ملکوں کی سلامتی اور ترقی کے لیے تقویت کا باعث بنے گا۔
مزید پڑھیں: قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کا ہر اول دستے کا کردار تسلیم کرتی ہے، شہباز شریف
ملاقات کے دوران حافظ نعیم الرحمان نے بنگلہ دیش کے سفیر کو جماعت اسلامی کے زیرانتظام مختلف رفاہی، تعلیمی اور سماجی اداروں کے بارے میں بھی تفصیلی آگاہی دی اور جماعت کے کردار و خدمات پر روشنی ڈالی۔
ملاقات کے دوران حافظ نعیم الرحمان نے بنگلہ دیش کے سفیر کو جماعت اسلامی کے زیرانتظام مختلف رفاہی، تعلیمی اور سماجی اداروں کے بارے میں بھی تفصیلی آگاہی دی اور جماعت کے کردار و خدمات پر روشنی ڈالی۔