سابق وزیرِ خارجہ و چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان بات چیت کے لیے تیار ہے مگر انڈیا بات چیت کے لیے تیار نہیں ہے، انڈیا کے انکار سے یہ بات واضح ہے کہ حالات سازگار نہیں۔
نیویارک میں چینی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان-انڈیا جنگ کا فاتح کون ہے؟ آسان جواب یہ ہے کہ کون عوام سے جھوٹ بول رہا ہے؟ کون سا میڈیا عوام کو گمراہ کررہا ہے؟
انہوں نے کہا کہ سچ یہ ہے کہ انڈیا جنگ ہار گیا ہے، بتائیں ہمیں کہ کون سی حکومت نے تنازع کے دوران اور بعد میں جھوٹ بولا؟
چیئرمین پیپلز پارٹی نے انکشاف کیا کہ پاکستان نے مجموعی طور پر انڈیا کے 6 طیارے گرائے، مستقل جنگ بندی کے لیے ہم عالمی برادری سےکردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہیں

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان بات چیت کے لیے تیار ہے مگر انڈیا تیار نہیں ہے، انڈیا کے انکار سے یہ بات واضح ہے کہ حالات سازگار نہیں۔ انڈین ہٹ دھرمی پر عالمی برادری سے رابطے میں ہیں۔
عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہوئے سابق وزیرِخارجہ کا کہنا تھا کہ عالمی برادری خطے میں قیامِ امن کے لیے کردار ادا کرے، عالمی برادری کو چاہیے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کرے۔