سابق وزیرِ خارجہ و چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ انڈین وزیرِاعظم نریندرا مودی اور نیتن یاہو کی پالیسیاں خطے میں امن کے لیے سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔
نیویارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پارلیمانی وفد کے سربراہ نے کہا ہے کہ انڈیا نے بغیر تحقیقات اور ثبوت کے پہلگام واقعے کا الزام پاکستان پر لگایا، انڈیا نے پاکستان کی شفاف تحقیقات کی پیشکش کو مسترد کیا، پاکستان نے انڈیا کے خلاف کوئی جارحانہ اقدام نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری انڈیا کی جارحیت کا نوٹس لے، پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی بھرپور مذمت کرتا ہے، پاکستان دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والہ ملک ہے۔
بلاول بھٹو نے انکشاف کیا کہ پاکستان نے انڈین جارحیت کا جواب دیتے ہوئے چھ انڈین طیارے مارگرائے، میری والدہ محترمہ شہید بےنظیر بھٹو دہشتگردی کے ہاتھوں اپنی جان گنوائی۔
انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گردی کو سیاسی ہتھیار بنا کر ختم نہیں کیا جاسکتا، خطے میں کشیدگی کی بنیادی وجہ مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کا حل نہ ہونا ہے، انڈین اقدامات خطے کی سلامتی کے لیے خطرے کا باعث بنے۔

سربراہ پارلیمانی وفد نے انکشاف کیا کہ انڈیا نے حملے میں مساجد کو نشانہ بنایا، امریکی صدر اور وزیرِ خارجہ نے سیز فائر میں اہم کردارادا کیا،مذاکرات ہی امن کا واحد راستہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انڈیا کی جانب سےپانی روکنا عالمی معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی ہے، پانی کو بطور ہتھیار استعمال نہیں کرنے دیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ انڈیا نے پاکستان پر حملے میں اسرائیلی ڈرونز کا استعمال کیا، انڈیا اسرائیل کی طرح عالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہا ہے، پاکستان امن کا خواہاں ہے اور بات چیت کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ انڈین عوام بھی پاکستان کےساتھ امن کے خواہاں ہیں، انڈیا مسلسل پاکستان مخالف بیانات دے رہا ہے، تنازعہ کشمیر کا کوئی فوجی حل نہیں،مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں۔
سابق وزیرِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے عالمی میڈیا کے سامنے تمام حقائق رکھے، انڈیا دنیا سے حقائق چھپاتا رہا۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا کے چھ طیارے گرانا بھی پاکستان کی جانب سے تحمل کامظاہرہ تھا، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مذاکرات اور تعاون ضروری ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ذمہ داری کا تقاضایہی ہے کہ انڈیا مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کی طرف آئے، کشیدگی کے دوران اور بعد میں انڈیا نے غلط معلومات اور فیک نیوز پھیلائیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ انڈیا اپنے ملک میں دہشتگردی کو مسلمانوں کے تشخص کو مسخ کرنے کے لیے استعمال کرتا ہے، انڈیا پاکستان میں دہشتگرد تنظیموں کی فنڈنگ کے ذریعے قتل کے مختلف واقعات میں ملوث ہے۔