پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی )نے سلیکشن کمیٹی میں تبدیلی کے لیے اصولی اتفاق کر لیا ہے اور کم از کم تین سلیکٹرز کو تبدیل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز کے مطابق پی سی بی ایسی سلیکشن کمیٹی ترتیب دینا چاہتا ہے جو محض منظوری کی حد تک محدود نہ ہو بلکہ میرٹ پر فیصلے کرتے ہوئے نئے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے لانے کی صلاحیت رکھتی ہو۔ آئندہ قومی ٹیم کے انتخاب کی ذمہ داری بھی اسی نئی کمیٹی کو سونپی جائے گی۔
موجودہ سلیکٹرز میں سے عاقب جاوید کے سوا باقی افراد کی پوزیشن خطرے میں ہے۔ علاوہ ازیں، بابر اعظم اور محمد رضوان کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم سے الگ رکھنے پر اتفاق ہو چکا ہے، تاہم وہ ون ڈے اور ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل رہ سکتے ہیں۔

جیو نیوزکے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد شفیق اور اظہر علی کمیٹی میں سرگرم کردار ادا نہیں کر رہے، جب کہ علیم ڈار کی جگہ برقرار رہنے کے امکانات بھی کم ہیں۔
ذرائع کے مطابق، حالیہ بنگلادیش سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کے انتخاب کے وقت اسد شفیق اور اظہر علی شامل نہیں تھے۔ اس دوران دو سابق ٹیسٹ کھلاڑیوں کو اسلام آباد کے ایک ہوٹل میں جاری میٹنگ میں بلا کر مشورہ لیا گیا، تاہم ان کی مستقل شمولیت کے حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔
پی سی بی میں ایک سب کمیٹی بھی بنائی جارہی ہے جس میں سکندر بخت کو شامل کیا جائے گا، یہ کمیٹی بہترین کھلاڑیوں کے انتخاب میں مدد دے گی ۔