وزیر اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستانی وفد نے سعودی عرب کے دورے کے دوران گزشتہ شب عمرے کی سعادت حاصل کی۔ اس موقع پر پاکستانی وفد کے لیے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے وفد کے ہمراہ خانہ کعبہ کے اندر نوافل ادا کیے اور “آپریشن بنیان مرصوص” کی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔ انہوں نے ملک کی معاشی بہتری اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے حالیہ کامیاب اقدامات پر بھی اللہ کا شکر ادا کیا۔
وفد نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے ساتھ ساتھ امتِ مسلمہ، خصوصاً کشمیری اور فلسطینی مظلوم مسلمانوں کے لیے بھی خصوصی دعائیں کیں۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور دیگر وفاقی وزرا پر مشتمل پاکستانی وفد گزشتہ روز سعودی عرب پہنچا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان سے عید کے موقع پر ملاقات کریں گے۔ اس خصوصی ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی، معاشی، سرمایہ کاری، امت مسلمہ کی بھلائی، اور خطے میں امن و سلامتی جیسے اہم موضوعات پر بات چیت ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف حالیہ پاک-انڈیا کشیدگی میں کمی کے لیے سعودی عرب کی مثبت اور تعمیری کوششوں پر سعودی قیادت کا شکریہ بھی ادا کریں گے۔