سندھ کے سینئر وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر صوبے بھر میں اضافی کرایوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں مسافروں سے وصول کی گئی خطیر رقم واپس دلوائی گئی۔
ترجمان ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق سندھ کے تمام اضلاع میں بسوں اور کوچز کی چیکنگ کی گئی، اور مجموعی طور پر 883 گاڑیوں کا معائنہ کیا گیا۔ کارروائی کے دوران 1 کروڑ 4 لاکھ 16 ہزار روپے مسافروں کو اضافی کرایوں کی مد میں واپس دلوائے گئے۔
واضح رہے کہ خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز پر 11 لاکھ 56 ہزار روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کسی کو عوام کو لوٹنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، عوام کو سہولیات کی فراہمی اور ان کے حقوق کا تحفظ حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو ٹرانسپورٹرز قانون کی خلاف ورزی کریں گے، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے اور کسی کو بھی عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مزید پڑھیں: وزیر داخلہ محسن نقوی کا وانا کا دورہ، ایف سی جوانوں کے ساتھ عید منائی
شرجیل انعام میمن نے واضح کیا کہ حکومت سندھ مسافروں کے حقوق کی محافظ ہے اور ان کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔