یورپین نیشنز لیگ کے فائنل میچ کے دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جب اتوار کے روز اسپین اور پرتگال کے درمیان میچ دیکھنے آیا ایک فٹبال شائق گر کر جان کی بازی ہار گیا۔
یوئیفا کے ایک اہلکار نے تصدیق کی کہ ایک شخص اوپر کی سطح سے نیچے میڈیا ایریا پر گرنے سے ہلاک ہو گیا۔ یہ واقعہ میونخ کے اسٹیڈیم میں اُس وقت پیش آیا جب میچ اضافی وقت کے پہلے ہاف میں داخل ہو چکا تھا، کھلاڑیوں کے درمیان کشیدگی بڑھ چکی تھی اور شائقین بھی جذباتی ہو رہے تھے۔
حادثے کے فوراً بعد طبی عملہ، سیکیورٹی اہلکار اور پولیس موقع پر پہنچی اور متاثرہ جگہ کو گھیرے میں لے لیا۔
میچ کے اختتام پر پرتگال نے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں فتح حاصل کی، لیکن میدان کی اس جیت پر افسردگی کی چادر چھا گئی۔
اسپین کے کوچ لویس دے لا فوئنٹے نے پریس کانفرنس کے آغاز میں واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا “سوالات شروع کرنے سے پہلے میں یہ کہنا چاہوں گا کہ آج ایک شائق اسٹیڈیم میں جاں بحق ہو گیا۔ میں اس کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔”