پاکستان بھر میں جاری شدید گرمی مزید بڑھ رہی ہے۔ محکمہ موسمیات پاکستان کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، بالائی اور مرکزی سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے میدانی علاقے شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہیں، جہاں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر چکا ہے اور آئندہ 2 سے 3 گھنٹوں میں اس میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ گرمی کی شدت غیر معمولی ہے، اور آئندہ دنوں میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
اس کے باعث گرمی سے متاثر ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں، خاص طور پر بچوں، خواتین، بزرگوں اور دائمی امراض میں مبتلا افراد کے لیے خطرہ زیادہ ہے۔

محکمہ موسمیات اسلام آباد کی جانب سے جاری کردہ ہدایت میں کہا گیا ہے کہ عوام غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، براہ راست سورج کی روشنی سے بچیں، گھروں کے اندر رہیں اور زیادہ سے زیادہ پانی پئیں تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو۔
شدید گرمی کے باعث لو لگنے (Heatstroke) اور پانی کی کمی سے متاثر ہونے کے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ اسپتالوں میں ہنگامی اقدامات کی تیاری شروع کر دی گئی ہے، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ چھوٹے بچوں، بیمار اور بزرگ افراد پر خاص توجہ دیں۔