Follw Us on:

ایک کروڑ روپے اور 80 تولہ سونا چوری کرنے کرنے والے سابقہ ڈرائیور کو پولیس نے کیسے گرفتار کیا؟

عاصم ارشاد
عاصم ارشاد
Police.
پولیس کے مطابق ملزم شاہزیب گزشتہ چار ماہ سے اس واردات کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ (فوٹو: پاکستان میٹرز)

فیصل ٹاؤن میں عیدالاضحیٰ کے روز پیش آنے والی کروڑوں روپے مالیت کی ڈکیتی کی واردات کا ماسٹر مائنڈ سابقہ ڈرائیور نکلا۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ضلع اوکاڑہ سے ملزم کو گرفتار کرلیا ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے فیصل ٹاؤن تھانے کی پولیس ٹیم نے ایس ایچ او کی قیادت میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے واردات میں ملوث ملزم کو ضلع اوکاڑہ سے ٹریس کرکے گرفتار کیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت شاہزیب کے نام سے ہوئی ہے، جو ایک سال قبل اسی گھر میں ڈرائیور کی حیثیت سے کام کر چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فلسطینی صدر کا حماس سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ، عرب و عالمی افواج کی تعیناتی کی تجویز

(ایس پی) ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ نے بتایا کہ واردات عیدالاضحیٰ کے روز اس وقت کی گئی جب متاثرہ فیملی اپنی بہن کے گھر گئی ہوئی تھی۔ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزم نے منصوبہ بندی کے تحت گھر میں داخل ہو کر واردات انجام دی اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گیا۔

Police image
ایس پی اخلاق اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ (فوٹو: ڈان نیوز)

پولیس کے مطابق ملزم شاہزیب گزشتہ چار ماہ سے اس واردات کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ واردات کے دوران ملزم نے موقع سے موجود تمام سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ بھی حذف کر دی تھی تاکہ شواہد مٹائے جا سکیں۔ تاہم تفتیشی ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی ریکی کی ویڈیوز حاصل کر لیں جن میں وہ گھر کی نگرانی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے چھ لاکھ سنتالیس ہزار روپے نقدی، بھاری مقدار میں جیولری، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان برآمد کر لیا ہے۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے، تاکہ واردات سے متعلق دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا سکے۔

ایس پی اخلاق اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

فیصل ٹاؤن کی اس واردات کا سراغ لگانا پولیس کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف ملزم کو کیفر کردار تک پہنچایا گیا بلکہ شہریوں میں بھی اعتماد بحال ہوا ہے۔

عاصم ارشاد

عاصم ارشاد

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس