امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بعد اب امریکی فوج کے سربراہ جنرل مائیکل کریلا نے بھی پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شراکت داری اور کردار کو سراہا ہے۔ امریکی کانگریس میں اپنے پالیسی بیان کے دوران جنرل کریلا نے کہا کہ پاکستان امریکا کا انسداد دہشتگردی میں قابل اعتماد شراکت دار ہے، اور اس کا کردار قابل تعریف ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے پاکستان کی عسکری قیادت خصوصاً فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کے ساتھ مثالی روابط ہیں، جو باہمی اعتماد اور تعاون کی بنیاد پر استوار ہیں۔
جنرل کریلا نے مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ شاندار شراکت داری کے ذریعے داعش خراسان کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی گئیں، جن میں درجنوں شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا۔ پاکستان نے نہ صرف انٹیلی جنس شیئرنگ میں تعاون کیا بلکہ اپنے وسائل کے ذریعے کم از کم پانچ اہم داعش خراسان کے اراکین کو گرفتار بھی کیا۔
انہوں نے کہاکہ ان گرفتار افراد میں جعفر بھی شامل ہے، جو ایبی گیٹ بم دھماکے کے مرکزی منصوبہ سازوں میں سے ایک تھا۔ جنرل کریلا کے مطابق، جب جعفر کو گرفتار کیا گیا تو سب سے پہلا فون پاکستان کے آرمی چیف کو کیا گیا اور کہا گیامیں نے اسے پکڑ لیا ہے اور اب میں اسے امریکہ کے حوالے کر رہا ہوں۔ براہ کرم وزیر دفاع اور صدر کو اطلاع دیں۔
انہوں نے کانگریس کو بتایا کہ پاکستان کو محدود انٹیلی جنس فراہم کیے جانے کے باوجود، اس نے اپنے وسائل کے ذریعے داعش خراسان کے خلاف مؤثر کارروائیاں کیں، اور ان کا اثر شدت پسند گروہ پر واضح طور پر نظر آ رہا ہے۔

جنرل کریلا نے کہا کہ اس وقت طالبان اور داعش خراسان ایک دوسرے سے شدید نفرت رکھتے ہیں اور ان کے درمیان جاری جھڑپوں کے باعث متعدد افراد افغان پاکستان سرحد کے قبائلی علاقوں کی طرف دھکیل دیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:انڈیا دہشتگردی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی پالیسی ختم کرے، بلاول بھٹو
انہوں نے کہا کہ 2024 کے آغاز سے اب تک پاکستان کے مغربی علاقوں میں ایک ہزار سے زائد دہشتگرد حملے ہو چکے ہیں، جن میں تقریباً 700 سکیورٹی اہلکار شہید اور 2,500 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں:پاکستان نے انڈین وزیرخارجہ کے الزامات کو مسترد کردیا
جنرل کریلا نے کہا کہ پاکستان اس وقت انسداد دہشتگردی کی ایک بھرپور جنگ میں مصروف ہے اور عالمی سطح پر انسداد دہشتگردی کے میدان میں ایک شاندار شراکت دار ثابت ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ جنرل کوریلا سے قبل دہشتگردی کے خلاف مؤثر کردار ادا کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی پاکستان کی تعریف کر چکے ہیں۔