وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کا ایک روزہ سرکاری دورہ کیا، جس میں انہوں نے اماراتی صدر شیخ محمد بن زایدالنہیان سے اہم ملاقات کی اور علاقائی کشیدگی خصوصاً پاکستان-انڈیا کشیدگی کم کرنے پر یواے ای کے تعمیری کردار پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کا ایک روزہ سرکاری دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
وزیراعظم اور اماراتی صدر کے درمیان ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اقتصادی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام معاملات میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے عالمی امن و استحکام کے لیے اماراتی صدر کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے پاکستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے اماراتی تعاون پر بھی اظہار تشکر کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے شیخ محمد بن زاید النہیان کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے دورے کے اختتام پر ابوظہبی کے البطین ایئرپورٹ پر یو اے ای کے مشیر قومی سلامتی شیخ طحنون بن زاید النہیان نے انہیں پرتپاک الوداع کہا۔
اس سے قبل دفتر خارجہ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ’وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، اقتصادی روابط کو گہرا کرنے اور کثیرالجہتی تعاون کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔
’واضح رہے کہ یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے اس مشترکہ عزم کا مظہر ہے کہ باہمی مفاد پر مبنی سٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دیا جائے، باہمی دلچسپی کے موجودہ شعبوں میں تعاون کو وسعت دی جائے اور دوطرفہ خوشگوار تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نئے مواقع تلاش کیے جائیں۔‘

اپریل 2025 میں پاکستان کے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کے متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے تھے۔
ان میں سے دو مفاہمتی یادداشتیں ثقافت کے شعبے میں تعاون اور قونصلر امور کے لیے مشترکہ کمیٹی کے قیام سے متعلق تھیں، جب کہ ایک یادداشت متحدہ عرب امارات کے فیڈریشن آف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پاکستان کے فیڈریشن آف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان یو اے ای-پاکستان مشترکہ بزنس کونسل کے قیام کے لیے کی گئی۔