جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی زیر صدارت منصورہ لاہور میں جاری ہے، جس میں ملک بھر سے شوریٰ اراکین شریک ہیں، یہ اجلاس تین روز تک جاری رہے گا۔
اجلاس کے دوران ایران پر بلاجواز اسرائیلی حملے کے خلاف شدید مذمت کی گئی اور اس حوالے سے ایک متفقہ قرارداد بھی منظور کی گئی۔
قرارداد میں اسلامی ممالک سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ آپس کے اختلافات بھلا کر متحد ہوں اور اسرائیل کی جارحیت کے خلاف مشترکہ موقف اپنائیں۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی ناجائز ریاست اور اس کے جارحانہ عزائم ایک ناسور کی صورت میں پورے خطے میں سرایت کر رہے ہیں۔ اب وقت آ چکا ہے کہ مسلمان ممالک متحد ہو کر اس تسلط کا خاتمہ کریں۔
مزید پڑھیں: سندھ طاس جیسے معاہدے کمزور ہوئے تو علاقائی امن کمزور ہوگا، بلاول بھٹو زرداری
قرارداد میں ایران کی خودمختاری، سلامتی اور دفاع کی حمایت کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ایران کو ہر قسم کی ممکنہ مدد فراہم کرے۔
جماعت اسلامی نے ایرانی حکومت اور عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ اسرائیلی جارحیت کا مؤثر علاج صرف مسلم امہ کے اتحاد میں پوشیدہ ہے۔ اگر مسلمان ممالک ایک ہو جائیں تو اسرائیلی تسلط کا خاتمہ ممکن ہے۔
اجلاس میں ملکی و عالمی سیاسی صورتحال، مسئلہ فلسطین، کشمیر، معاشی بحران اور آئندہ کی حکمت عملی پر بھی غور متوقع ہے۔