Follw Us on:

حکومتِ پاکستان ایران کی حمایت میں اقدامات اٹھائے، حافظ نعیم الرحمان

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Hafiz naeem
سید مودودیؒ نے 65ء کی جنگ کے دوران ایوب خان سے اختلافات بھلا کر حکومت کا ساتھ دیا تھا۔ (فوٹو: جماعتِ اسلامی پاکستان)

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حکومت پاکستان پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایران کی حمایت میں اقدامات اٹھائے، اسرائیل بدمست ہاتھی بن چکا ہے، جس سے پورے خطے کی سلامتی کو خطرہ ہے۔

جماعت اسلامی کی نومنتخب مجلس شوریٰ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت نے ایران پر اسرائیلی حملہ کی پرزور مذمت کی اور کہا کہ جماعت اسلامی اور پوری پاکستانی قوم ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سید مودودیؒ نے 65ء کی جنگ کے دوران ایوب خان سے اختلافات بھلا کر حکومت کا ساتھ دیا تھا۔ جماعت اسلامی نے حالیہ پاکستان-انڈیا جنگ میں بانی جماعت کی سنت تازہ کی اور موجودہ حکومت سے اختلافات ایک جانب رکھتے ہوئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا ایران پر حملہ قابل افسوس و مذمت ہے، جماعت اسلامی اس صورتحال میں بھی اپنا کردار ادا کرے گی، حکومت کو ایران کی حمایت میں اقدامات کرنے ہوں گے۔ ایران، حماس کے لیے بھی ایک بہت بڑی قوت ہے۔

Hafiz naeem ii
اسرائیل کا ایران پر حملہ قابل افسوس و مذمت ہے۔ (فوٹو: جماعتِ اسلامی پاکستان)

حافظ نعیم الرحمان نے قومی اسمبلی اور سینٹ میں ایران کے حق میں پاس ہونے والی قرارداد کی ستائش کی اور کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کی اسرائیل کو ریاست تسلیم نہ کرنے کی بات بھی احسن اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطین میں تاریخ انسانی کے بدترین مظالم ڈھا رہا ہے، اسرائیلی جارحیت اور دہشت گردی پر عالمی برادری، اقوام متحدہ اور بالخصوص اسلامی ممالک کی حکومتوں اور او آئی سی کی خاموشی افسوس ناک ہے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے اہل غزہ کو صہیونی دہشت گردی سے بچانے میں قائدانہ کردار ادا کرے۔ اسرائیل اور اس کے سرپرست امریکا کو واضح پیغام دیا جائے کہ مسلمانوں اور انسانیت کے خلاف دہشت گردی بند کی جائے، فلسطینیوں کو خوراک، ادویات اور امداد پہنچانے کا فوری بندوبست کیا جائے۔

مسئلہ کشمیر پر گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے جماعت اسلامی کا دیرینہ مؤقف دہرایا اور کہا کہ کشمیر کے مسئلہ کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے، انڈیا مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے۔ مسئلہ کشمیر کے بغیر انڈیا سے کسی قسم کے مذاکرات قبول نہیں کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہندوتوا نواز مودی حکومت کے گھناؤنے عزائم کو پوری دنیا میں بے نقاب کرے۔ اسرائیل، انڈیا اور امریکا شیطانی تکون ہیں۔

Hafiz naeem iii
کشمیر کے مسئلہ کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ (فوٹو: جماعتِ اسلامی پاکستان)

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے۔ جماعت کی قیادت اور کارکنان معاشرے میں تبدیلی کے لیے اپنے آپ کو ہر لحاظ سے تیار رکھیں۔ ہمیں اپنے دائرے میں رہ کر دوسرے دائروں تک رسائی حاصل کرنی ہے۔

انہوں نے اس عہد کا اعادہ کیا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی، بجٹ میں مراعات یافتہ طبقہ کو نوازا اور عوام کو چاروں طرف سے گھیر کر مارا گیا ہے۔ کرپشن، سود کے خاتمہ اور عام افراد کو سہولتیں دیے بغیر معیشت میں بہتری نہیں آئے گی۔

مزید پڑھیں: اسرائیل ایران جنگ پر اقوامِ متحدہ کا اجلاس بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا

واضح رہے کہ مجلس شوریٰ کا تین روزہ اجلاس منصورہ میں جاری ہے۔ اجلاس میں ملک بھر سے منتخب اراکین شرکت کررہے ہیں۔ قبل ازیں نوے سے زائد مردوخواتین اراکین شوریٰ نے حلف اٹھایا اور ایران کے حق میں اور اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف متفقہ قرارداد پاس کی۔ امیر جماعت مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس